انڈونیشیا کے 3 گرجا گھروں پر خودکش حملوں میں 10 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

انڈونیشا کے خفیہ ادارے نے حملوں میں داعش کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی

اتوار 13 مئی 2018 18:20

․جکارتا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء) انڈونیشیا کے شہر سورابایا کے 3 گرجا گھروں میں خودکش حملوں کے نتیجے میں 10افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ اتوار کو انڈونیشیا کے دوسرے سب سے بڑے شہر سورابایا میں داعش سے متاثر خودکش حملہ آوروں نے مختلف مقامات پر چند منٹوں کے وقفے سے تین گرجا گھروں کو نشانہ بنایا جس کے باعث ابتدائی اطلاعات کے مطابق 10افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دھماکے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے اور تینوں دھماکوں میں 10 منٹ کا وقفہ تھا جب کہ دھماکوں کے بعد شہر کے تمام گرجا گھروں کو بند کردیا گیا ہے۔حملہ آوروں نے پہلے دھماکے میں سینتا ماریا رومن کیتھولک چرچ کو صبح ساڑھے سات بجے نشانہ بنایا جس کے بعد دوسرے مقام پر جی پی پی ایس پینٹی کونٹل چرچ پر حملہ ہوا۔ایسٹ جاوا پولیس کے ترجمان فرانس برنگ منگیرا کا کہنا ہے کہ تینوں حملوں میں مجموعی پر 35 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب انڈونیشیا کے خفیہ ادارے نے تصدیق کی ہے کہ خودکش حملوں میں داعش کی ذیلی تنظیم جمع انشورت دولہ ملوث ہے۔