حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں خوشحالی و ترقی کے اہم اہداف حاصل کئے ،2013میں مسلم لیگ (ن) نے جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، موجودہ حکومت نے ملک کو دہشتگردی کے اندھیروں سے نکالا ،

امن خون کی قیمت پر ادا کرکے حاصل ہوا مسلح افواج نے حکومتی پالیسیوں اور تعاون سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، پاکستان کی ابھرتی معیشت دنیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے، سی پیک گوادر کا رابطہ مغربی چین وسطی ایشیاء ریاستوں اور دنیا کے دیگر ممالک سے قائم کررہا ہے،31مئی کو دوسری جمہوری حکومت کامیابی کے ساتھ اپنی مدت مکمل کررہی ہے،پاکستان میں میڈیا کو بہت آزادی حاصل ہے وزیر دفاع وخارجہ انجینئر خرم دستگیر کاعالمی نیوز ایجنسیز کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 14 مئی 2018ء)وزیر دفاع وخارجہ انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں خوشحالی و ترقی میں اہم اہداف حاصل کئے ہیں،2013میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، موجودہ حکومت نے ملک کو دہشتگردی کے اندھیروں سے نکالا ، آج کراچی اور بلوچستان پرامن ہیں ، یہ امن خون کی قیمت پر ادا کرکے حاصل ہوا ، ہمارے فوجی جوانوں نے مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرکے امن بحال کیا،مسلح افواج نے حکومتی پالیسیوں اور تعاون سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت دنیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے، سی پیک گوادر کا رابطہ مغربی چین وسطی ایشیاء ریاستوں اور دنیا کے دیگر ممالک سے قائم کررہا ہے،31مئی کو دوسری جمہوری حکومت کامیابی کے ساتھ اپنی مدت مکمل کررہی ہے،پاکستان میں میڈیا کو بہت آزادی حاصل ہے، پاکستانی صحافیوں نے خطرناک حالات میں صحافتی ذمہ داریاں نبھائیں،۔

(جاری ہے)

پیر کو سرکاری خبر رساں ادارے کے زیر اہتمام عالمی نیوز ایجنسیز کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کو بہت آزادی حاصل ہے، حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں خوشحالی و ترقی میں اہم اہداف حاصل کئے ہیں، توانائی کے بحران پر قابو پایا گیا ہے،2013میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، یہ ایک بہت مشکل وقت تھا تاہم ہم نے جمہوریت کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دیتے ہوئے ملک میں معیشت کو بحال کیا، آج پاکستان میں ہر طرف اچھی خبریں ہیں، پاکستان ایک پر امن ملک بن چکا ہے، چترال سے لے کر کراچی اور فاٹاسے اچھی خبریں اور پیغامات پوری دنیا میں جا رہے ہیں، حکومت نے فرقہ واریت پر مبنی خطرات کو شکست دے کر ملک بھر میں امن بحال کیا، امن قائم کرنے کیلئے ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت عوام نے عظیم قربانیاں پیش کیں، آج پاکستانی معیشت 5.3فیصد کی شرح سے آگے بڑھ رہی ہے، گزشتہ سال شرح نمو 6فیصد رہی، جبکہ آئندہ سال میں بھی یہی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے، 31مئی کو دوسری جمہوری حکومت کامیابی کے ساتھ اپنی مدت مکمل کررہی ہے، حکومت نے درپیش تمام چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا جس سے ریاست کو اعتماد حاصل ہوا، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) گوادر کو نہ صرف مغربی چین بلکہ وسطیٰ ایشیاء ریاستوں سمیت دنیا کے دیگر خطوں کے ساتھ رابطہ قائم کر رہی ہے،پاکستان 2013میں ایک مستحکم خطے میں غیر مستحکم ملک تھا تاہم آج 2018میں پاکستان ایک مستحکم ملک ہے جبکہ خطے غیر مستحکم ہو چکا ہے،2012میں روزانہ تشدد اور انتہائی پسندی کے 6واقعات روزانہ کی بنیاد پر رونما ہو رہے تھے تاہم مسلح افواج نے حکومتی پالیسیوں اور تعاون سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، اس وقت پاکستانی معیشت تیزی سے ابھرتی ہوئی دنیا کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام بین الاقوامی صحافیوں کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستانی تاریخ میں بہادرانہ صحافت کرنے والے صحافی تعریف کے مستحق ہیں، پاکستانی صحافیوں نے خطرناک حالات میں صحافتی ذمہ داریاں نبھائیں، 21ممالک سے 18سے زائد صحافیوں کی کانفرنس میں شرکت مثبت علامت ہے،عالمی میڈیا اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہے کہ پاکستان آج پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 6ہزار فوجی جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ 60ہزار سے زائد پاکستانی شہری شہید ہوئے، ملک میں امن کی قیمت پاکستانیوں نے اپنے خون سے ادا کی ہے۔