نواز شریف کے بیان میں کوئی نئی بات نہیں، اس سے پہلے بھی لوگ اس قسم کے بیانات دیتے آئے ہیں،

نواز شریف کی ساکھ پر تیسراحملہ کیا گیا ہے، نیب کا اعلامیہ بھی نواز شریف کی ساکھ کونقصان پہنچانا تھا، الیکشن کے قریب آتے ہی بعض لوگ پروپیگنڈا کر رہے ہیں صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں کی پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو

پیر مئی 23:40

لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر مئی ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف پر جتنی بھی تنقید کی جائے ان کی شہرت بڑھتی ہے، 22 کروڑ عوام نواز شریف کو محبِ وطن سمجھتے ہیں اور نواز شریف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوںنے جو بیان دیا اس میں کوئی نئی بات نہیں، اس سے پہلے بھی لوگ اس قسم کے بیانات دیتے آئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے کہ وہ صرف سچ کہیں گے، ان کے سچ میں ہی قوم کی بقاء ہے، پاکستان اب جھوٹ اور منافقت کے ساتھ نہیں چل سکتا، قربانیوں کی بنیاد پر جو صلہ ملنا چاہیے وہ نہیں مل رہا، نواز شریف نے اسی دکھ کا اظہار کیا، نواز شریف کی مقبولیت کو کم کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی بہانہ بنایا جا رہا ہے ، بیان توڑ مروڑ کر پیش کر کے ان کی ساکھ پر حملہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ سابق وزیر اعظم نے جو بیان دیا اس میں کوئی نئی بات نہیں، اس سے پہلے بھی لوگ اس قسم کے بیانات دیتے آئے ہیں، ممبئی حملوں کے بعد یہی بات اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھی کی تھی، رحمان ملک نے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد سات لوگوں کو گرفتار کیا تھا، ممبئی حملوں کے مقدمے پر ایف آئی اے نے تحقیقات کیں، بیان پر کچھ نادان دوستوں نے نواز شریف کا ٹرائل شروع کردیا ہے، بیان پر صرف نوازشریف کی ذات کو ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے، نوازشریف کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور ٹارگٹ کرکے پاکستان کی نیک نامی نہیں ہوئی بلکہ پاکستان کی ساکھ کونقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی مقبولیت کو کم کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی بہانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے ان کی مقبولیت کم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پرغداری کا مقدمہ ہے لیکن انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے وہ صرف سچ کہیں گے، نوازشریف ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، صرف سچ کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کے بیان کی تردید نہیں کی، شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق بیان بھی غلط پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ساکھ پر تیسراحملہ کیا گیا ہے، نیب کا اعلامیہ بھی نواز شریف کی ساکھ کونقصان پہنچانا تھا۔ انتخابات کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ الیکشن قریب ہے اور نوازشریف کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ہے، الیکشن کے قریب آتے ہی کچھ لوگ پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

Your Thoughts and Comments