بھارتی رکن کانگریس ششی تھرور کی اہلیہ کی موت کا معمہ چار سال بعد حل ہوگیا

پولیس نے سنندا پشکر کی موت کو خودکشی قرار دے دیا اور ان کے شوہر پر اس کی اعانت کا الزام عائد کردیا

پیر 14 مئی 2018 23:34

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 14 مئی 2018ء) بھارت کے رکن کانگریس ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی موت کا معمہ چار سال بعد حل ہوگیا۔پولیس نے سنندا پشکر کی موت کو خودکشی قرار دے دیا اور ان کے شوہر ششی تھرور پر اس کی اعانت کا الزام عائد کردیا ہے۔سنندہ پشکر 17 جنوری 2014 کو نئی دلی کے ہوٹل میں اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں۔

ان کی موت کے بعد سے پولیس ان کے قتل یا خودکشی کی تحقیق کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

چار سال کی تحقیقات کے بعد پولیس نے عدالت میں چارج شیٹ جمع کرائی جس کے مطابق سنندا پشکر کی موت قتل نہیں خودکشی تھی اور خودکشی میں ان کے شوہر ششی تھرور نے معاونت کی۔پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ ادویات کا ضرورت سے زائد استعمال بتایا گیا۔بعدازاں بھارتی میڈیا کی کچھ رپورٹس میں بتایا گیا کہ سنندا پشکر کو زہر دینے اور ان کے گلے پر پراسرار انجیکشن کے نشانات سے متعلق خبریں منظر عام پر آئیں۔ششی تھرور نے الزام کے خلاف اپیل کا فیصلہ کیا ہے۔۔