ترک صدر کی جرمن کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر پر تنقید

کئی جرمن سیاستدانوں نے جرمن فٹبالرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جرمنی کے جمہوری اقدار پر سوالات اٹھائے

منگل 15 مئی 2018 19:44

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 15 مئی 2018ء)ترک صدر رجب طیب اردگان کی فٹبال کے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر پر جرمن فٹبال فیڈریشن (ڈی ایف بی) نے ان کے بین الاقوامی کھلاڑی میست اوزل اور الکے گندوگان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔تفصیلات کے مطابق ترک نژاد جرمن کھلاڑیوں نے لندن میں ایک تقریب کے دوران ترک صدر کو اپنی دستخط شدہ ٹی شرٹس پیش کی تھیں جس پر گندوگان نے انہیں اپنے معزز صدر کہہ کر مخاطب کیا تھا ،ْواضح رہے کہ رجب طیب اردگان دوبارہ الیکشن کے لیے مہم چلارہے ہیں۔

اوزل آرسنال جبکہ گندوگان مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ہیں اور دونوں کھلاڑی اگلے ماہ روس میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس میں جرمنی کی ٹیم کو سب سے زیادہ پسندیدہ قرار دیا جارہا ہے ،ْ ترکی کی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی ۔

(جاری ہے)

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کئی جرمن سیاستدانوں نے جرمن فٹبالرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جرمنی کے جمہوری اقدار پر سوالات اٹھائے۔

ڈی ایف بی کے صدر رینہارڈ گرندیل کا کہنا تھا کہ ’فٹبال اور ڈی ایف بی اقدار کا تحفظ کرتی ہے جس کا رجب طیب اردگان نے پوری طرح احترام نہیں کیا اور یہ اچھا اقدام نہیں کہ ہمارے بین الاقوامی کھلاڑی ان کے انتخابی مہم کا حصہ بنیں۔ڈی ایف بی کے ڈائریکٹر اولیور کا کہنا تھا کہ ان دونوں کھلاڑیوں میں سے کسی کو بھی اس تصویر کی حیثیت معلوم نہیں تاہم یہ بالکل ایک اچھا اقدام نہیں اور اس حوالے سے ہم ان سے بات کریں گے ،ْاس تنقید کے سامنے آنے کے بعد گندوگان کی جانب سے ان کے اور اوزل کے دفاع میں بیان جاری کیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ ان کی اور ترک صدر کی ملاقات ترک طالب علموں کی مدد کرنے والی ترک فاؤنڈیشن کی تقریب میں ہوئی تھی۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے اہل خانہ کے ملک کے صدر کے ساتھ بدسلوکی کرتی انہوںنے کہاکہ ان تصاویر کا مقصد سیاسی بیانیہ جاری کرنا ہرگز نہیں تھا۔