مشروبات کاکم استعمال دل کے دورے سے بچا سکتا ہے،طبی ماہرین

پیر 14 مئی 2018 14:38

فیصل آباد۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 14 مئی 2018ء)معروف ماہرین طب نے طویل تحقیق کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ جو افراد میٹھے مشروبات کا کثرت سے استعمال کرتے ہیں ان میں بلند فشار خون کی بیماری زیادہ پائی جاتی ہے جبکہ ان مشروبات کا استعمال دل کے دوروں اور شریانوں کی تنگی کا بھی موجب بنتا ہے لہٰذا اگر میٹھے مشروبات کا استعمال ترک یا اسے انتہائی کم کر دیا جائے تو نہ صرف بلڈ پریشر کو نارمل رکھا جا سکتا ہے بلکہ اس سے اچانک دل کے دوروں کے امکانات کو 8 فیصد اور شریانوں کی تنگی کی وجوہات کو 5 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

مذکورہ طبی ماہرین نے انکشاف کیا کہ انہوںنے گذشتہ ایک سال کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 900 مر د و خواتین حضرات جن کی عمریں 25سے 80 سال کے درمیا ن تھیں پر تفصیلی تحقیق کی تو پتہ چلا کہ جو افراد عام خوراک کے ساتھ میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں بلڈ پریشر بہت زیادہ پایا جاتا ہے جبکہ اسی وجہ سے اچانک دل کے دوروں اور شریانوں کی تنگی کے امکانات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مشورہ دیا کہ عام خوراک کے ساتھ میٹھے مشروبات کا استعمال ترک یا کم کر کے خطر ناک بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ دوران تحقیق یہ بات بھی مشاہدے میں آئی ہے کہ خالی پیٹ ورزش سے زیادہ فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدائت کی کہ مر د حضرات کھانا کھا کر ورزش کرنے کی بجائے خالی پیٹ ورزش کو ترجیح دیں۔