اصغرخان کیس: ایف آئی اےنےتحقیقاتی کمیٹی تشکیل دےدی

کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اےاحسان صادق کریںگے،اصغرخان کیس1990ء میں اسلامی جمہوری اتحاد کی تشکیل اور انتخابات میں دھاندلی کیلئےرقوم کی تقسیم سے متعلق ہے۔میڈیا رپورٹس

منگل 15 مئی 2018 18:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 15 مئی 2018ء): ایف آئی اے نے اصغر خان کیس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی،کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پرایف آئی اے نے اصغر خان کیس پرنئی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے احسان صادق کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں ڈاکٹر رضوان اور ڈاکٹر عثمان بھی رکن ہوں گے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں اصغرخان کیس پرسپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کیلئے3 رکنی بینچ نے سماعت کی،چیف جسٹس ثاقب نثار نےحکم دیا کہ حکومت فیصلہ کرے کہ ان کیخلاف کیا کاروائی ہونی چاہیے۔ جس پراٹارنی جنرل نےفیصلے پرعملدرآمد کیلئے مشاورت کیلئے2 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی تھی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نےایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے حکم دیا کہ کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی بلانا پڑے تو بلائیں۔

واضح رہے گزشتہ روز جنرل ر اسلم بیگ اور اسد درانی کی جانب سے دائر نظرثانی درخواستوں کو سپریم کورٹ نے مسترد کردیا تھا۔ جبکہ فریقین کوعدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت نےفیصلے کے بعد آج تک کوئی ایکشن نہیں لیا۔ایف آئی اے کی تحقیقات بھی ایک جگہ ہی رکی ہوئی ہیں۔ حکومت فیصلہ کرے کہ معاملہ ایف آئی اے میں جانا ہے یا نیب میں؟ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ یہ نہیں معلوم آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنتا ہے یا نہیں۔

عدالتی فیصلوں پر من و عن عمل ہونا چاہئیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کا فیصلہ حکومت نے کیا،اصغر خان کیس کو بھی حکومت پر چھوڑتے ہیں۔واضح رہے اصغر خان کیس1990ء میں اسلامی اتحاد کی تشکیل اور انتخابات میں دھاندلی کیلئےسیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق ہے۔ ایئر فورس کے سابق سربراہ اصغر خان مرحوم نےسیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔