سعوی عرب میں پہلی مرتبہ صرف خواتین کیلئے کاروں کی نمائش

نمائش کا مقصد خواتین کو ڈرائیونگ کی تعلیم اور گاڑیوں کے انتخاب کیلئے ضروری معلومات فراہم کرنا تھا

منگل 15 مئی 2018 19:14

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 15 مئی 2018ء)سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین کیلئے کاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، تین روز پر محیط اس نمائش کا مقصد خواتین کو ڈرائیونگ کی تعلیم اور گاڑیوں کے انتخاب کے لیے ضروری معلومات فراہم کرنا تھا۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق نمائش میں 80 ہزار افراد کی آمد متوقع تھی جس کے تحت خواتین کو سعودی عرب میں کار ڈیلر شپ اور ان کی فراہم کردہ خصوصی پیشکش کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کیا گیا۔

اس کے ساتھ کار کے لیے دیگر سامان اور انشورنس کمپنیوں کی پیشکش کے بارے میں بھی معلومات جبکہ اس سے براہ راست حکومت اور پرائیویٹ ایجنسیوں سے خواتین کو رابطہ کرنے کا موقع میسر آیا۔اس حوالے سے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد الباسمی کا کہنا تھا کہ 24 جون سے خواتین، سعودی عرب میں سڑکوں پر ڈرائیونگ کرسکیں گی اور اس ضمن میں تمام تر ضروری انتظامات کیے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے سعودی معاشرے کو تبدیل کرنے کے لیے اصلاحات نافذ کرنے کا عمل جاری ہے، اس ضمن میں گزشتہ برس ستمبر میں شاہی فرمان جاری کیا گیا تھا جس میں خواتین کی ڈرائیونگ پر ایک دہائی سے عائد پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔