چاند نظر آگیا، دنیا کا وہ واحد ملک جہاں کل سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگا

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں چاند نظر نہیں آیا، ان ممالک میں یکم رمضان 17 مئی کوہوگی

منگل 15 مئی 2018 22:10

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 15 مئی 2018ء) چاند نظر آگیا، دنیا کا وہ واحد ملک جہاں کل سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے مختلف ممالک سمیت خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے بلائے گئے اجلاس اختتام پذیر ہو چکے ہیں۔ دنیا کے بیشتر ایشیائی اور یورپی ممالک میں کہیں بھی رمضان المبارک کا چاند نہیں دیکھا جا سکا۔

ان ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، دیگر خلیجی ممالک، ملائشیا، انڈونیشیا، برونائی، آسٹریلیا، جاپان اور دیگر شامل ہیں۔ ان تمام ممالک میں رمضان المبارک کے 17 مئی سے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان ممالک کے کروڑوں مسلمان 17 مئی کو پہلا روزہ رکھیں گے۔ ماہر فلکیات پہلے ہی یہ پیشن گوئی کر چکے تھے کہ متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 16 مئی سے ہونے کے امکانات کم ہیں۔

(جاری ہے)

ناصرف خلیجی، بلکہ دیگر ممالک میں بھی رمضان المبارک کے 17 مئی سے آغاز کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ اب ماہر فلکیات کی پیشن گوئی دنیا کے کئی ممالک میں درست ثابت ہو چکی ہے۔ تاہم دنیا کا ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں 15 مئی کو رمضان کا چاند نظر آگیا ہے۔ مسلمان ملک ترکی میں رمضان کا چاند نظر آ جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ترکی میں کل بروز بدھ 16 مئی کو یکم رمضان المبارک ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ترکی کے کروڑوں مسلمان دنیا کے دیگر مسلمانوں سے قبل ہی کل سے رمضان المبارک کا آغاز کر دیں گے۔ جبکہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند  دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروز بدھ کراچی میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ ماہر موسمیات اور فلکیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ پاکستان میں کل رمضان کا چاند نظر آ جانے کے واضح امکانات ہیں۔