الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے الیکشن 2018 کی درج تاریخ ہٹادی گئی

الیکشن کی تاریخ اور شیڈول کوئی چھپانے والی بات نہیں، جب اعلان ہوگا تو پوری قوم کے لیے ہوگا، انتخابات کی تاریخ کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائے گا،ترجمان الیکشن کمیشن

جمعرات 17 مئی 2018 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 17 مئی 2018ء) الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے انتخابات 2018 کی درج تاریخ 31 جولائی ہٹادی گئی۔ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ اور شیڈول کوئی چھپانے والی بات نہیں، جب اعلان ہوگا تو پوری قوم کے لیے ہوگا۔ویب سائٹ کی جس جگہ پر 31 جولائی کی تاریخ درج ہے وہ ایک ’ایمپٹی لنک‘ ہے۔

انتخابات کی تاریخ کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔الطاف خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن غیرملکیوں سمیت تمام مبصرین کو خوش آمدید کہے گا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر الیکشن کی تاریخ 31 جولائی درج کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق الیکشن 2018 کی پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخوں پر غور کیا جارہا ہے۔خیال رہے کہ الیکشن 2013 کے لیے پولنگ کا انعقاد 11 مئی کو ہوا تھا جس میں پاکستان مسلم لیگ ن نے اکثریت حاصل کی تھی۔

موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی اور نگراں حکومت قائم ہوجائے گی جو قانون کے مطابق 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کی پابند ہوتی ہے۔تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے عام انتخابات وقت پر کرانے پر اتفاق کیا ہے ۔