غزہ کی کشیدہ صورتحال بارے سفارتی سرگرمیاں تیز

ْہیومن رائٹس کونسل نے خصوصی اجلاس طلب کر لیا،اجلاس کو پاکستان سمیت 26ریاستوں کی حمایت حاصل

بدھ 16 مئی 2018 22:03

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 16 مئی 2018ء)غزہ کی کشیدہ صورتحال بارے سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی گئیں ہیں،اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل نے خصوصی اجلاس طلب کر لیا، اجلاس کی حمایت پاکستان سمیت 26ریاستیں کر چکی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی پریشان کن صورتحال پر جمعے کو اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل کا ایک خصوصی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس فلسطین اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر بلایا گیا ہے، جبکہ اب تک چھبیس ریاستیں اس کی حمایت کر چکی ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ یہ اجلاس جنیوا میں ہو گا۔ دریں اثنا سعودی عرب کی درخواست پر عرب لیگ کا ایمرجنسی اجلاس آج بدھ اور کل جمعرات کو ہو رہا ہے۔ آج لیگ کے رکن ممالک کے نمائندے ملیں گے جبکہ کل وزرائے خارجہ کی ملاقات طے ہے۔ ان سفارتی سرگرمیوں میں غزہ پٹی کی موجودہ صورتحال اور حالیہ واقعات کے رد عمل پر غور کیا جائے گا۔