ریاست،عدالت اور فوج سے لڑنے والے کے ساتھی بھی مجرم ہیں: ڈاکٹر طاہر القادری

نااہل بتائے ماڈل ٹائون میں 100 لوگوں کو گولیاں کس کے کہنے پر ماریں کرنل سہیل عابد جیسے سپوتوں کی قربانیوں سے ملک میں امن آیا،عوام دہشت گردوں کو شکست دیں گے،گفتگو

جمعرات 17 مئی 2018 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 17 مئی 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل برادران بتائیں سانحہ ماڈل ٹائون میں 100 لوگوں کو گولیاں کس کے کہنے پر ماریں کس کے کہنے پر شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کی ایف آئی آر درج نہ ہونے دی اور کس کے کہنے پر 31,30اگست 2014 ء کی رات اسلام آباد میں پرامن سیاسی کارکنوں پر بارود کی بارش کروائی انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک قومی،اخلاقی، سیاسی مجرم ہیں۔

ان کے جرائم کی فہرست بڑی طویل ہے لیکن اس قومی مجرم کی جان آسانی سے نہیں چھوٹے گی۔یہ آئندہ دنوں میں مزید رسوا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دارو شریف برادران ہیں ان کی طلبی کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز سینئر رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت، فوج اور ریاست سے لڑنے والے کا ساتھ دینے والے بھی مجرم ہیں، ن لیگ کے اراکین اسمبلی عہدیداروں اور کارکنوں کے پاس موقع ہے کہ وہ نااہل سے علیحدگی کا اعلان کر کے ریاست پاکستان سے تجدید عہد وفا کریں،سیاسی عہدے عارضی ہیں، ملک اور اداروںنے قائم رہنا ہے۔

نواز شریف نے پاکستان پر الزام لگا کر اپنا نام پاکستان کے بدخواہوں میں رجسٹرڈ کروالیا۔اس جرم میں نا سمجھی میں ان کا ساتھ دینے والے تائب ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے بزرگ آج بھی زندہ ہیں اور آج بھی ان کی آنکھوں کے سامنے وطن عزیز کے لیے بہنے والا خون ہے۔ نااہل نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا کر ان لازوال قربانیوں کا مذاق اڑایا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونیوالے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر افسوس ہے انہی جوانوں کی قربانیوں سے ملک میں امن آیا ہے ،قربانیاں دینے والے پاک فوج کے جوانوں پر فخر ہے۔