کوئٹہ، دہشتگردوں کاچمن ہاوسنگ اسکیم کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) مدد گار سینٹر پر حملہ

سیکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی سے پانچ دہشتگرد ہلاک 5سیکیورٹی اہلکاربھی زخمی، 5 خودکش بمباروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ہمراہ مددگار سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی ،سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا،آئی ایس پی ار

جمعرات 17 مئی 2018 23:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 17 مئی 2018ء) کو ئٹہ کے علاقے چمن ہاوسنگ اسکیم کے قریب فرنٹیئر کور ایف سی مدد گار سینٹر پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔واقعے میں 5 سیکیورٹی اہلکاربھی زخمی ہوئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی ار) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر حملے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔بیان میں کہا گیا کہ 5 خودکش بمباروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ہمراہ مددگار سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم متحرک ایف سی جوانوں نے دہشت گردوں پر فائرنگ کرکے انہیں سینٹر میں داخل ہونے سے روک دیا، جبکہ جوابی کارروائی میں پانچوں حملہ آور مارے گئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والے تمام خودکش بمبار بظاہر افغانی تھے، جبکہ دہشت گردوں کا ناکام حملہ ان کے اہم دہشت گردوں کے گزشتہ روز کلی الماس میں آپریشن کے دوران مارے جانے کا ردعمل تھا۔ بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کر دیا۔یاد رہے کہ جمعرات کو ملک میں ہونے والایہ دوسرا دہشت گرد حملہ تھا جہاں اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں ایف سی کے گاڑی پر کیے گئے خودکش حملے میں 6 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل بدھ کے روز کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے کرنل سہیل عابد بھی شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ کلی الماس میں کارروائی کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ سلمان بادینی اور 2 خودکش بمبار ہلاک ہوئے۔ہلاک خودکش بمباروں کا تعلق افغانستان سے تھا، جبکہ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد 100 سے زائد پولیس اہلکاروں اور ہزارہ برادری کے قتل میں ملوث تھے۔