واٹس ایپ میں مزید خوشگوار تبدیلیاں

واٹس ایپ نے گروپ چیٹ میں نئے فیچرز شامل کردیئے

جمعرات 17 مئی 2018 23:49

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 17 مئی 2018ء):واٹس ایپ میں مزید خوشگوار تبدیلیاں متعارف کروا دی گئیں۔ واٹس ایپ نے گروپ چیٹ میں نئے فیچرز شامل کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کو دنیا کی مقبول ترین چیٹنگ ایپ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔واٹس ایپ انتظامیہ ایپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے نت نئی تبدیلیاں کرتی رہتی ہے۔

ان تبدیلیوں کو عموما صارفین کی جانب سے بہت پسند بھی کیا جاتا ہے۔واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی سہولتوں کے باعث اب اس کا استعمال مزید آسان ہو چکا ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گروپ چیٹ میں نئے فیچرز شامل کرکے صارفین کو مزید سہولت فراہم کردی گئی ہے۔گروپ ایڈمن کے اختیارات بھی پہلے سے مضبوط کردیئے گئے ہیں، یعنی اب کوئی بھی گروپ ممبر ایڈمن کی اجازت کے بغیر گروپآئیکون تبدیل نہیں کرسکے گا اور نہ ہی سبجیکٹ ایڈمن کی اجازت کے بغیر تبدیل کیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

واٹس ایپ گروپ چیٹ میں جب گفتگو طویل ہوجاتی ہے اور کسی بھی صارف کا نام لے کر کوئی خاص بات کی جاتی ہے تو اس کے لیے دوبارہ پچھلی چیٹ کو سکرول کرنا پڑتا ہے، ایسے میں واٹس ایپ نے گروپ چیٹ میں سکرول کی مشکل سے نجات دلاتے ہوئے ’ایٹ دی ریٹ‘ (@) ٹول شامل کردیا ہے۔ گروپ چیٹ میں دائیں جانب ‘@’ دیا ہوگا، جس پر کلک کرکے با آسانی اس میسج پر پہنچا جا سکتا ہے جہاں نام مینشن ہوگا۔واٹس ایپ حکام کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ حالیہ تبدیلیاں صارفین کے لیے خوشگوار ثابت ہوں گی جو واٹس ایپ کے استعمال کو مزید آسان بنا دیں گی اور صارفین ان تبدیلیوں کو قبول کرتے ہوئے انکو پسند کریں گے۔

متعلقہ عنوان :