سابق رکن صوبائی اسمبلی مسلم لیگ ن میں شامل

خورشید اعظم اور ان کے فرزند سکندر اعظم مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلہ میں چھ ایٹمی دھماکے کرنے والا شخص کیسے غدار وطن ہو سکتا ہے، سردار مہتاب احمد خان

جمعرات 17 مئی 2018 16:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 17 مئی 2018ء)سابق رکن صوبائی اسمبلی خورشید اعظم اور ان کے فرزند سکندر اعظم مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سرار مہتاب احمد خان عباسی اور سینیٹر بیرسٹر جاوید عباسی سابق رکن صوبائی اسمبلی خورشید اعظم خان اور امیدوار حلقہ پی کے 38 سکندر اعظم خان کی رہائش گاہ بانڈی عطائی خان میں پارٹی میں شمولیت کیلئے دعوت دینے گئے۔

پارٹی شمولیت کے تقریب میں خورشید اعظم اور سکندر اعظم خان نے سرکل حویلیاں کے تمام عمائدین، یونین ویلج ناظمین اور کونسلروں کو بڑی تعداد میں مدعو کر رکھا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) تحصیل حویلیاں کے صدر احمد نواز خان جدون، سابق ٹائون ناظم ملک اختر خالق، سٹی کے صدر خالد نواز صراف، کونسلر سہراب خان، بابر قریشی، نواز خان و دیگر عمائدین علاقہ نے خورشید اعظم خان اور سکندر اعظم کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

مشیر برائے ہواز بازی سردار مہتاب احمد خان عباسی اور سینیٹر جاوید عباسی نے خورشید اعظم اور سکندر اعظم کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو ضلع بھر کیلئے خوش آئند قرار دیا اور انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت نواز شریف کے خلاف سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص اس ملک کو محفوظ بنانے کیلئے تمام بین الاقوامی دھمکیاں بالائے طاق رکھ کر بھارت کے دھماکوں کے مقابلہ میں چھ ایٹم بم کے دھماکے کرتا ہے وہ کیسے غدار وطن ہو سکتا ہے۔