ہائیکورٹ نے خواتین کی تعلیم کیلئے امریکہ سے ملنے والی 70 ملین امریکی امداد سے متعلق تفصیلات کی فراہمی کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی

جمعہ 18 مئی 2018 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 18 مئی 2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے خواتین کی تعلیم کیلئے امریکہ سے ملنے والی 70 ملین امریکی امداد سے متعلق تفصیلات کی فراہمی کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار مقامی شہری نے موقف اختیار کیاکہ 2015ء میں امریکہ نے پاکستانی خواتین کی تعلیم کے لئے امریکی امداد کی فراہمی کا اعلان کیا،خواتین کی تعلیم کے لئے امریکی امداد کی وصولی،رقم کے خرچ ہونے کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

آئین کے آرٹیکل انیس اور اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت معلومات فراہم کرنا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے مگر وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتخانہ اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کر رہا۔فاضل عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی،عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔