لاہور کے علاقہ بتی چوک پل پرقائم راوی ٹول پلازہ میدان جنگ بن گیا ،

پلازے کے عملے نے ٹیکس ادا نہ کرنے پر مزدا ڈرائیور کو سرعام تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس اہلکار قریب کھڑا تماشا دیکھتا رہا

جمعہ 18 مئی 2018 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 18 مئی 2018ء) لاہور کے علاقہ بتی چوک پل پرقائم راوی ٹول پلازہ اس وقت میدان جنگ میں تبدیل ‘ پلازے کے عملے نے ٹیکس ادا نہ کرنے پر مزدا ڈرائیور کو سرعام تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس اہلکار قریب کھڑا تماشا دیکھتا رہا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کے مطابق رنگ روڈ پر نئے ٹھیکے کے بعد بند روڈ اور ملحقہ روڈز پر ٹھیکدار نے ناجائز ٹول پلازہ قائم کیے اور ٹیکس جمع کرنا شروع کردیا، منی مزدا ایسوسی ایشن کے احتجاج کے بعد بند روڈ پر ٹول پلازہ ختم کردیا گیا تاہم بتی چوک، پرانا راوی پل، سگیاں اور بابو صابو پر بدستور ٹول پلازے قائم ہیں جو رنگ روڈ کا حصہ نہیں ہیں، ان ٹول پلازوں پر موجود ٹھیکیدار کے کارندے غنڈہ گردی کرکے گاڑیوں، مزدا اور ٹرک ڈرائیوروں سے زبردستی ٹول ٹیکس وصول کرتے ہیں جس پر لڑائی جھگڑا معمول بن گیا فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ٹھیکیدار کے کارندے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ قریب ہی پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنا کھڑا ہے۔