پرویز رشید نے چوہدری نثار کی پارٹی کی موجودگی میں کسی بھی بورڈ کا حصہ بننے سے انکار کردیا

سابق وزیر داخلہ اگر کسی بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہوئے تو وہ اس بورڈ کا کسی صورت حصہ نہیں بنیں گے: پرویز رشید

جمعہ 18 مئی 2018 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 18 مئی 2018ء) پرویز رشید نے چوہدری نثار کی پارٹی کی موجودگی میں کسی بھی بورڈ کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکمراں جماعت ن لیگ کی پریشانیاں ہیں کہ جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ جہاں ایک جانب نواز شریف اور ان کے خاندان پر چل رہے نیب کیسز نے ن لیگ کو بدترین بحران کا شکار کر رکھا ہے، وہیں دیگر کئی ایسے معاملات ہیں جو پارٹی کیلئے تباہ کن ثابت ہو رہے ہیں۔

خاص کر ن لیگ کے رہنماوں اور اراکین اسمبلی کی جانب سے پارٹی کو خیر آباد کہہ کر تحریک انصاف میں شام ہونے کا معاملہ حکمراں جماعت کیلئے سب سے زیادہ تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔ دوسری جانب پارٹی میں بچ جانے والے دیرینہ رہنماوں کے  آپسی اختلافات بھی حکمراں جماعت ن لیگ کی پریشانیوں میں مزید سے مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انتخابات سر پر ہیں، ایسے میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتیں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔

تاہم ایک ن لیگ ہے جو اب تک صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے امیدواروں کو ٹکٹس دینے کا مرحلہ ہی شروع نہیں کر پائی۔ اس حوالے سے جلد ن لیگ کا پارلیمانی بورڈ تشکیل دیے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم اب اس معاملے کو لے کر بھی پارٹی کے رہنماوں میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے پرویز رشید کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ پرویز رشید نے اعلان کیا ہے کہ چوہدری نثار کی پارٹی کی موجودگی میں کسی بھی بورڈ کا حصہ نہیں بنوں گا۔

پرویز رشید کہتے ہیں کہ سابق وزیر داخلہ اگر کسی بھی پارلیمانی بورڈ کا حصہ ہوئے تو وہ اس بورڈ کا کسی صورت حصہ نہیں بنیں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے آپسی اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ دونوں رہنما ماضی میں ایک دوسرے پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں۔ اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ دونوں رہنماوں کے آپسی اختلافات کا سب سے زیادہ نقصان مسلم لیگ ن کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔