آصف علی زرداری سے پاکستان سیٹیزن موومنٹ کے چیئرمین حافظ غلام محی الدین کی ملاقات ،پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

جمعہ 18 مئی 2018 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 18 مئی 2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے لاہور کی ممتاز سیاسی شخصیت اور پاکستان سیٹیزن موومنٹ کے چیئرمین حافظ غلام محی الدین نے بلاول ہاس لاہور میں ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حافظ غلام محی الدین نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں فعال کردار ادا کرنے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملک کو ایک باصلاحیت قیادت کی ضرورت ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بحال کرے اس کے لئے آصف علی زرداری ہی واحد لیڈر ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑ سکتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے حافظ غلام محی الدین کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حافظ غلام محی الدین ہمارے دیرینہ ساتھی ہیں پارٹی میں انہیں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔ اس موقع پر مخدوم فیصل صالح حیات، رخسانہ بنگش اور عامر فدا پراچہ بھی موجود تھے۔