مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی اداروں کا احترام کیا ہے اور ان کی مضبوطی کے لیے کام کیا ہے‘ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ہمیشہ قومی اداروں کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان کا استعمال کیا ہے

وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

ہفتہ 19 مئی 2018 23:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 19 مئی 2018ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی اداروں کا احترام کیا ہے اور ان کی مضبوطی کے لیے کام کیا ہے‘ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ہمیشہ قومی اداروں کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان کا استعمال کیا ہے۔

ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف بیرونی فنڈنگ سے چل رہی ہے اور اس کے سربراہ عمران خان بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی جو کہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ تھے عمران خان نے 2013ء کے انتخابات میں ان پر 35 پنکچرز کا الزام لگایا لیکن بعد میں وہ خود ہی مان گئے کہ انہوں نے یہ جھوٹ بولا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں جہاں ان کی حکومت ہے لوگوں کو سہولیات بہتر طرز حکمرانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اس صوبے کے لوگ پی ٹی آئی کے طرز سیاست سے بھی کافی مایوس ہو چکے ہیں۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے علاوہ دہشت گردی اور توانائی کی قلت سمیت کئی مسائل کو حل کیا ہے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔