سیاسی بحران:مشیرخزانہ بلوچستان رقیہ ہاشمی عہدےسےمستعفی

رقیہ ہاشمی نےبجٹ پیش کیا تھا اورحکومتی ارکان اسمبلی کے نامناسب رویے کے باعث استعفیٰ دے دیا،بجٹ جلاس کے دوران دیا، مجھے عہدے نہیں عزت عزیز ہے۔ڈاکٹررقیہ کی گفتگو

اتوار 20 مئی 2018 19:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 20 مئی 2018ء): الیکشن قریب آتے ہی بلوچستان میں ایک بار پھر سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے، مشیر خزانہ بلوچستان کیپٹن(ر) ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، رقیہ ہاشمی نے بلوچستان بجٹ بھی پیش کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشیر خزانہ بلوچستان کیپٹن(ر) ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نےچند حکومتی ارکان اسمبلی سے اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

مشیر خزانہ رقیہ ہاشمی نے استعفیٰ بجٹ پیش کرنے کے بعد دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رقیہ ہاشمی نے حکومتی اراکین اسمبلی کے مابین اختلافات اور ان کے نامناسب رویے کے باعث استعفیٰ دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کیپٹن(ر) ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی کا کہنا ہے کہ مجھے عہدے نہیں عزت عزیز ہے۔

(جاری ہے)

واضع رہے مشیر خزانہ کا استعفا ایسے موقعہ پر آیا ہے جب بلوچستان اسمبلی کے بجٹ سیشن میں ضمنی بجٹ پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم مشیر خزانہ اب ضمنی بجٹ کی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ جس کے باعث اب وزیراعلیٰ بلوچستان کو کسی اور وزیر یا مشیر کو ضمنی بجٹ پر سوالات کے جوابات اور تجاویز پر عمل کرنے کیلئے تعینات کرنا پڑے گا۔ واضح رہے سینیٹ الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن کے وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کی حکومت کے خاتمے کے بعد اب تک بلوچستان میں سیاسی استحکام پیدا نہیں ہوسکا ہے۔

نئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی نئی کابینہ بلوچستان کی تعمیرو ترقی کیلئے ظاہری طور پر کوشاں ہے لیکن عملی طور پر ابھی حکومت کو اپنے معاملات کو سلجھانے اور پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے وقت درکار ہے۔ ابھی حکومت نے سنبھلنا شروع ہی کیا کہ مشیر خزانہ نے استعفیٰ دے دیا۔ ڈاکٹر رقیہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے14مئی کو بلوچستان اسمبلی کا بجٹ کا پیش کیا۔ بجٹ سے قبل بھی کچھ انتظامی امور کے باعث بجٹ پیش کرنے کی تاریخ دے کر تبدیل کردی گئی۔