بھار تی عدالت نے مادھوری گپتا کو قومی معلومات پاکستان کو فراہم کرنے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنادی

عدالت نے سابق خاتون سفارت کار کو اہم معلومات خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو ای میل کے ذریعے فراہم کرنے پر مجرم قرار دیا

اتوار 20 مئی 2018 21:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 20 مئی 2018ء)بھارتی عدالت نے سابق سفارت کار مادھوری گپتا کو اہم قومی معلومات پاکستان کے خفیہ ادارے کو فراہم کرنے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنادی۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی عدالت نے پاکستان میں تعینات سابق بھارتی سفارت کار مادھوری گپتا کو اہم معلومات پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے دو اہلکاروں کو فراہم کرنے کے الزام میں آئین کے سیکشن 3 کی دفعہ 1 سی اور سیکشن 5 کے تحت تین سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

یہ اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا ہے۔ گزشتہ روز عدالت نے اسی قانون کے تحت خاتون سفارت کار کو مجرم قرار دے دیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں سابق خاتون سفارت کار کو اہم معلومات پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو ای میل کے ذریعے فراہم کرنے پر مجرم قرار دیا ۔

(جاری ہے)

تاہم عدالت کا کہنا تھا کہ یہ معلومات ملکی دفاع اور سلامتی سے متعلق نہیں تھیں اس لیے ملزمہ پر جاسوسی کی دفعات کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا تاہم اہم معلومات کی فراہمی سے سفارت کار کے دوسرے اہلکاروں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔

واضح رہے اسلام آباد میں واقع بھارتی سفارت خانے میں سیکنڈ سیکریٹری پریس و انفارمیشن کے فرائض انجام دینے والی خاتون سفارت کار مادھوری گپتا کو 22 اپریل 2010ء کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ان پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں مبشر رانا اور جمشید کو ای میل کے ذریعے اہم ملکی معلومات فراہم کرنے کے الزامات تھے ۔