جبری شادی پر شوہر کو قتل کرنیوالی سوڈانی خاتون کو سزائے موت،اقوا م متحدہ کی مذمت

نورا حسین کو اپنے شوہر کے قتل کے جرم میں پھانسی دینے کے حکم پر گہری تشویش ہے،انسانی حقوق کمیشن کا بیان

ہفتہ 19 مئی 2018 12:40

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 19 مئی 2018ء)اقوام متحدہ نے سوڈان میں پسند کی شادی نہ ہونے پر شوہر پرعصمت دری کا الزام عاید کرتے ہوئے اسے قتل کرنے والی خاتون کو پھانسی کی سزا دیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ عالمی ادارے کو سوڈانی دو شیزہ 19 سالہ نورا حسین کو اپنے شوہر کے قتل کے جرم میں پھانسی دینے کے حکم پر گہری تشویش ہے۔

اقوام متحدہ سوڈانی حکومت سیمطالبہ کرتی ہے کہ وہ نورا حسین کو دی گئی سزا پر نظر ثانی کرے۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ترجمان رافینا شمداسنی نے جنیوامیں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ سوڈان میں خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک، تشدد، جنسی تشدد عام بات ہے اور وہ اس اہم مسئلے کی طرف عالمی برادری کی توجہ مرکوز کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ سوڈان میں ایک انیس سالہ لڑکی کی جبری شادی کی گئی تھی جس پر اس نے اپنے شوہر کو قتل کردیا۔

سوڈان کی شرعی عدالت نے نورا حسین کو سزائے موت سنائی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سوڈانی حکومت اس سزا پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس میں نرمی کرے۔خیال رہے کہ خرطوم کی ایک شرعی عدالت نے نورا حسین نامی ایک انیس سالہ لڑکہ کو اپنے شوہر کو قتل کرنے کے جرم میں قید کی سزا سنائی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق نورا حسین کا کہنا تھا کہ اس کے والدین نے تین سال قبل جب وہ سولہ سال کی تھیں تو اس کی شادی اس کے چچا زاد کے ساتھ کرانے کی کوشش کی۔