دوسری جماعتوں کے اراکین اسمبلی کی شمولیت سے پی ٹی آئی کے اپنے لوگ تذبذب کا شکار

یہ وقتی کامیابی ہے ،ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابات کے وقت نتائج بھگتنا پڑیں گے ‘ بعض رہنمائوں کی تشویش

اتوار 20 مئی 2018 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 20 مئی 2018ء)دوسری جماعتوں کے اراکین اسمبلی کی شمولیت سے تحریک انصاف کے اپنے لوگ شدید تذبذب کا شکار ہیں اور اسے آنے والے وقت میں پارٹی میں اختلافات کی بنیاد قرار دیا جارہاہے ۔ ذمہ دارا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بعض رہنمائوں نے دوسری جماعتوں خصوصاً حکمران جماعت سے وابستگی رکھنے والوں کی شمولیت پر اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام قطعاً پارٹی کیلئے سود مند ثابت نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

پارٹی کو ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابات کے وقت اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے اور اختلافات کی صورت میں رہنمائوں کے درمیان خلیج پیدا ہو گی۔ ذرائع کے مطابق نئے آنے والے ظاہری طور پر غیر مشروط کے الفاظ استعمال کر رہے ہیں جبکہ پس پردہ انہیں ٹکٹیں دینے کی یقین دہانی کرائی جارہی ہے ایسی صورتحال میں مذکورہ حلقوں میں پی ٹی آئی کیلئے خدمات سر انجام دینے والے اپنے کارکنوں اور عوام کو کیا منہ دکھائیں گے۔ ان رہنمائوں کا کہنا ہے کہ قیادت کو اس حوالے سے واضح پالیسی اور موقف دینا چاہیے تاکہ پارٹی کے اندر پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ ہو سکے۔