جامعہ بنوریہ کراچی نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کردیا

عمران خان اور مفتی نعیم کےدرمیان جامعہ بنوریہ میں ملاقات،انتخابات میں حمایت کا یقین دلاتا ہوں،مفتی نعیم کی گفتگو، آپ قوم کیلئے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

اتوار 20 مئی 2018 22:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 20 مئی 2018ء): جامعہ بنوریہ کے منتظم اعلیٰ مفتی نعیم نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور مفتی نعیم کے درمیان جامعہ بنوریہ کراچی میں ملاقات ہوئی، جہاں پرمفتی نعیم نے تمام علماء کرام کی جانب سے انتخابات میں حمایت کا یقین دلایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کراچی میں جامعہ بنوریہ کے منتظم اعلیٰ مفتی نعیم سے ملاقات کی۔

اس موقع پر کراچی کے حالات اور ملک کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ مفتی نعیم نے تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلا ن کردیا ہے۔ ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میری ذات کیلئے میرے ساتھ کھڑے نہ ہوں آپ قوم کیلئے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا برا حال ہے ،گاؤں میں توبجلی آتی ہی نہیں ہے۔

ملک میں نہ بجلی ہے ، نہ گیس ہے، نہ روزگار ہے جبکہ مہنگائی میں لوگ ڈوب رہے ہیں۔آزادی اور قانون نام کی چیز یہاں نہیں ہے ٹارگٹ کلنگ یہاں ہے۔حکومت پیسے بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ اللہ عقلوں پرپردے ڈال دیتا ہے۔ان کونظر ہی نہیں آرہا ہے کہ یہی پیسا ان کی موت بنے گا۔اس موقع پرجامعہ بنوریہ کے منتظم اعلیٰ مفتی نعیم نے کہاکہ کے ای ایس سی کے باعث کراچی اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔

اس کے ڈائریکٹر کی تنخواہ 60،60لاکھ روپے ہے۔چار ہزار کے قریب مزدوروں کو نکالا گیا جس کے باعث آدھا کراچی تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔ا سوقت کراچی کے اندر کوئی حکومت کے نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بنوریہ میں 29ممالک کے بچے پڑھتے ہیں۔اب یہ پیغام پوری دنیا میں چلا جائے گا۔واضح رہے تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کی لائینیں لگ گئی ہیں۔پی ٹی آئی کیلئے آئندہ اقتدار میں آنے کے راستے کلیئر نظر آرہے ہیں ۔ الیکشن میں ہوا کا بدلتا رخ دیکھ کرمسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی سے پی ٹی آئی میں درجنوں ارکان نے شرکت کی ہے۔ جس سے تحریک انصاف کو انتخابات جیتنے میں بھر پور کامیابی ملنے کا امکان ہے۔