امارات کی قطر کے خلاف شہری ہوابازی میں رخنہ ڈالنے کی شکایت کی حمایت کا اظہار

شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم کا کینیڈا کے شہر مانٹریال میں اجلاس،قطرکو رخنہ اندازی پر انتباہ

اتوار 20 مئی 2018 12:40

مونٹریال/ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 20 مئی 2018ء)شہری ہوابازی کی بین الاقوامی تنظیم ( آئی سی اے او) نے متحدہ عرب امارات کی قطر کے لڑاکا طیاروں کی کارروائیوں سے شہری ہوابازی کو لاحق خطرات سے متعلق شکایات کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئی سی اے او کی کونسل کے کینیڈا کے شہر مانٹریال میں منعقدہ ایک اجلاس میں یو اے ای کی شہری ہوابازی کو لاحق خطرات کے بارے میں تشویش کی حمایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں کینیڈا میں متعیّن امارات کے سفیر فہد الرکبانی اور یو اے ای کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف السویدی نے شرکت کی۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق قطر کی جانب سے شہری ہوابازی کے تحفظ کی خلاف ورزیوں کے سنگین واقعات کے پیش نظر بین الاقوامی تنظیم برائے شہری ہوابازی کی کونسل نے یو اے ای کی قطر کی فوجی کارروائیوں کے دوران میں خطرناک واقعات سے متعلق شکایت کو برقرار رکھا ہے۔

(جاری ہے)

یو اے ای نے 2018ء کے اوائل میں قطر کے فوجی طیاروں کے غیر پیشہ ورانہ انداز میں امارات کے دو مسافر طیارو ں کے نزدیک آنے کے واقعات کی شکایات درج کرائی تھیں۔متحدہ عرب امارات نے گذشتہ ماہ یہ اطلا ع دی تھی کہ قطر کے دو لڑاکا طیاروں نے بحرین کی جانب جانے والے اس کے ایک مسافر طیارے کو پرواز کے دوران میں بڑے بے ہنگم طریقے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔

اس مسافر طیارے میں 86 افراد سوار تھے۔بیان کے مطابق مسافر طیارے کے ہواباز نے مشاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قطری طیاروں سے ٹکراؤ سے بچنے کی کوشش کی تھی۔ایک قطری لڑاکا جیٹ اماراتی طیارے سے 200 میٹر سے بھی کم فاصلے پر رہ گیا تھا ۔امارات کی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا تھاکہ مسافر طیارے کا رٴْخ قطری لڑاکا جیٹ سے ٹکرانے سے چند ثانیے قبل ہی موڑا گیا تھا۔اس سے طیارے میں سوار تمام مسافروں کی جانیں خطرے سے دوچار ہوگئی تھیں۔ اس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ شہری ہوا بازی کے تحفظ ، بین الاقوامی قوانین اور کنونشنوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔