چین ،ْحب الوطنی‘ کو فروغ دینے کیلئے مساجد میں قومی پرچم لہرانے کی ہدایت

عمل سے قومی اور شہری نظریات کی تفہیم کو مزید مضبوط بنانے اور مسلمانوں کے تمام نسلی گروہوں میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ ملے گا

پیر 21 مئی 2018 22:36

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 21 مئی 2018ء)چین کی اعلیٰ ترین مسلم لیگولیٹری تنظیم نے ملک کی تمام مساجد سے کہا ہے کہ وہ مسلمانوں میں حب الوطنی کو فروغ دینے کیلئے مساجد میں قومی پرچم لہرائیں۔یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آرہا ہے جب حکمراں کمیونسٹ پارٹی ملک میں مسلمانوں پر گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چائنا اسلامک ایسوسی ایشن نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کیے جانے والے خط میں کہا کہ قومی پرچم تمام مساجد کے صحن میں نمایاں جگہ‘ لہرائے جائیں۔خط کے مطابق اس عمل سے قومی اور شہری نظریات کی تفہیم کو مزید مضبوط بنانے اور مسلمانوں کے تمام نسلی گروہوں میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ ملے گا۔خط میں کہا گیا کہ مساجد، پارٹی کی بنیادی سوشلسٹ اقدار کی معلومات کو بھی عوامی سطح پر عیاں کریں اور انہیں اسلامی تعلیمات کے ذریعے بیان کریں تاکہ یہ اقدار لوگوں کے دلوں میں پوری طرح اتر جائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چائنا اسلامی ایسوسی ایشن حکومت سے منسلک تنظیم ہے جس کے پاس مساجد کے اماموں کی ماموری کے تمام اختیارات ہیں۔یہ خط چینی حکومت کی جانب سے مذہبی معاملات کے نئے نظرثانی شدہ ضابطے کے سامنے کے چند ماہ بعد سامنے آیا جس کا اطلاق فروری میں کردیا گیا اور جس کے بعد انسانی حقوق کے گروپوں کی طرف سے مذہبی آزادی پر آواز اٹھائی گئی۔

نئے ضابطے کے تحت غیر منظور شدہ مذہبی سرگرمیوں پر سزا اور ملک میں ’انتہا پسندی‘ کو پنپنے سے روکنے کے لیے مسلمانوں پر نگرانی بڑھادی گئی ہے۔چائنا اسلامک ایسوسی ایشن کے خط میں کہا گیا کہ مساجد کا عملہ چینی آئین اور دیگر متعلقہ قوانین، بالخصوص نئے مذہبی قوانین سے مسلمانوں کو روشناس کرانے کے لیے مطالعے کا انتظام کریں۔مساجد، چین کے تمدن اور روایتی چینی ثقافت سے متعلق کورسز کا بھی انتظام کریں، جن میں صرف چین کے مسلم عاقلوں کو توجہ کا مرکز بنایا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ اس کا مقصد مساجد کو پارٹی، ملک کے قوانین اور پالیسیز کے مطالعے کے لیے مضبوط پلیٹ فارم بنانا ہے، تاکہ مسلمانوں میں عام چینی شناخت کی سوچ قائم کی جاسکے۔یاد رہے کہ چین میں 2 کروڑ 30 لاکھ کے لگ بھگ مسلمان آباد ہیں اور وہاں اسلام ان پانچ مذاہب میں سے ایک ہے جسے کمیونسٹ پارٹی نے سرکاری طور پر تسلیم کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :