جہانگیر خان ترین نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے کی پیش کش کردی

منگل 22 مئی 2018 19:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 22 مئی 2018ء) جہانگیر خان ترین نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے کی پیش کش کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کی۔ جبکہ اجلاس میں تمام سینئر قیادت نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صورتحال اس وقت خراب ہو گئی جب پارٹی کے رہنماوں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ شاہ محمد قریشی نے پارٹی اجلاس کے دوران کہا کہ ایک نااہل قرار دیے گئے شخص کو پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں بھیٹنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ شاہ محمد قریشی کی جانب سے یہ اعتراض سابق رکن اسمبلی اور تحریک انصاف پنجاب سینٹرل کے صدر رائے حسن نواز پر اٹھایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جہانگیر خان ترین نے فوری شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وائس چئیرمین یہ اعتراض ان پر اٹھا رہے ہیں۔ اس موقع پر عمران خان نے فوری مداخلت کرتے ہوئے آئندہ رائے حسن نواز کو پارٹی عہدہ نہ دینے کا اعلان کیا۔ جبکہ اس موقع پر جہانگیر ترین نے پارٹی کو خیر آباد کہنے کی پیش کش بھی کردی۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی ابھی فیصلہ کرے تو وہ گھر چلے جائیں گے اور نہ تو آئندہ پارٹی کے کسی اجلاس میں شرکت کریں گے نہ ہی اس کی فیصلہ سازی میں کوئی مداخلت کریں گے۔