مسجد الحرام میں عمر رسیدہ، مریض اور معذور افراد کیلئے مفت سواریوں کی سہولت کا اہتمام

منگل 22 مئی 2018 10:20

مکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 22 مئی 2018ء) سعودی عرب میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے عمر رسیدہ، مریض اور معذور معتمرین اور حجاج کیلئے مفت سواریوں کی سہولت کا اہتمام کردیا۔ اس کا مقصد ان افراد کے لئے آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک کی ادائیگی کو ممکن بنانا ہے۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق مسجد الحرام میں ٹرانسپورٹ سروس کے ڈائریکٹر صالح محمد علی ہوساوی نے بتایا کہ انتظامیہ نے 3000 سے زیادہ سعودی نوجوانوں کو بھرتی کر کے انہیں شفٹوں میں تقسیم کردیا ہے۔

اس سلسلے میں بھیڑ کو منظم کرنے والے سکیورٹی حکام کے ساتھ رابطہ کے ذریعے توازن قائم کیا گیا ہے تا کہ مسجد الحرام کے اندر اور باہر یہ سواریاں کسی قسم کی رکاوٹ کا باعث نہ بنیں۔

(جاری ہے)

پہلی منزل کے میزانائن فلور کو برقی سواریوں کے ذریعے طواف اور سعی کے لئے مختص کیا گیا ہے جہاں ان سواریوں کی تعداد 700 ہے۔ فری وہیکل سروس کے تحت سواریوں کی مجموعی تعداد 8700 ہے جن کے لئے مخوص پوائٹس بنائے گئے ہیں۔

یہ پوائنٹس مسجد الحرام آنے والے تمام محوروں کا احاطہ کرتے ہیں۔انتظامیہ نے سروس کے اسٹینڈز کے ساتھ ایک کوڈ فراہم کیا ہے جس کو سکین کر کے سروس کا روٹ اور متعلقہ نقشے معلوم کئے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال پہلی مرتبہ شٹل ٹرانسپورٹ سروس شروع کی گئی ہے۔ اس کے تحت عمر رسیدہ افراد اور مریضوں کو الشبیکہ کے علاقے سے شاہ فہد توسیع کے علاقے اور میزانائن فلور تک پہنچانے کی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔