سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مزید تصاویر سامنے آ گئیں، کہاں غائب تھے، پتہ چل گیا

تصاویر کے اجراء کے ساتھ ہی محمد بن سلمان کے منظرعام پرنہ ہونے سے متعلق رہی سہی افواہیں بھی دم توڑ گئیں

بدھ 23 مئی 2018 17:43

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 23 مئی 2018ء) سعودی شہزادہ و ولی عہد محمد بن سلمان نے اقتصادی وترقیاتی امورکونسل کے اجلاس کی صدارت کی، سعودی پریس ایجنسی نے اس اجلاس کی تصویریں جاری کی ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان تصاویر کے اجراء کے ساتھ ہی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منظرعام پرنہ ہونے سے متعلق رہی سہی افواہیں بھی دم توڑ گئیں۔


 

اس سے قبل 18مئی کو جاری کی گئی تصویرمیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مصرکے صدر، بحرین کی شاہ اور یو اے ای کے ولی عہد کے ساتھ موجود تھے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے تینوں رہنماوں کو دعوت پر مدعو کیا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کچھ روز قبل منظرِ عام سے غائب ہونے کی وجہ سے بعض اخبارات نے ان کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کیے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ روسی اور ایرانی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ہلاک ہو چکے ہیں۔ روسی اور ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا گزشتہ ماہ سعودی شاہی محل پر ایک مبینہ حملہ ہوا تھا۔ حملہ شاہی خاندان کے ہی کچھ افراد کی جانب سے بغاوت کرتے ہوئے کیا گیا تھا۔ اس حملے میں سعودی ولی عہد کو قتل کردیا گیا تھا۔ تاہم اب ان تمام افواہوں کی تردید ہو چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ممکنہ طور پر خرابی صحت یا نجی مصروفیات کے باعث کئی روز تک منظر عام پر نہیں آئے۔ تاہم محمد بن سلمان اب دوبارہ سے متحرک ہوگئے ہیں اور حکومتی و ریاستی معاملات دیکھ رہے ہیں۔