ایرانی قوم امریکی غنڈوں سے ہر گز مرعوب نہ ہو گی،حسن روحانی

امریکی انتہا پسندکبھی کامیاب نہیںہونگے،وائٹ ہائوس دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کا گڑھ ہے،ایرانی صدر

بدھ 23 مئی 2018 23:28

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 23 مئی 2018ء)ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم امریکی غنڈوں سے ہر گز مرعوب نہ ہو گی، واشنگٹن کے انتہا پسندکبھی کامیاب نہیںہو سکیں گے،وائٹ ہائوس دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کا گڑھ بن چکا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے ایرانی قوم کے خلاف امریکی دھمکیوں اور اقتصادی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم امریکی صدر ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کے انتہا پسندوں کی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والی نہیں ہے اور ایرانی قوم واشنگٹن کے انتہا پسندوں پر کامیاب ہو جائے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ایرانی کھلاڑیوں نے ملک کی سربلندی کے لئے ہمیشہ کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم آپ کے مقابلے میں کامیاب ہو جائے گی۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی صدر ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ پمپئو اور امریکی صدر کے مشیر جان بولٹن کو واشنگٹن کے انتہا پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی وائٹ ہاؤس میں دہشت گرد اور انتہا پسند گروہ جمع ہو گیا ہے جو ایرانی قوم کو مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے حالانکہ ایرانی قوم واشنگٹن کے انتہا پسندوں کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایرانی قوم واشنگٹن کے انتہا پسندوں پر کامیاب ہو جائے گی۔

امریکہ نے ٹرمپ اے اقتدار میں آنے کے بعد ایران کے سلسلے میں اور زیادہ دشمنانہ پالیسیاں اختیار کر رکھی ہیں۔صدر مملکت نے اسی طرح کھیل کے شعبے میں ایرانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ایران کے لئے امید افزا قرار دیا۔