محمد نواز شریف پر اب تک کسی قسم کی کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی،سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک

جمعرات 24 مئی 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 24 مئی 2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پر اب تک کسی قسم کی کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی تاہم انہیں صرف ایک اقامے پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز میں محمد نواز شریف کا نام کہیں بھی موجود نہیں تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کی پاکستان سے روانگی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل لسٹ میں ڈالا لیکن سندھ ہائی کورٹ نے اس نام کو ہٹانے کا حکم دیا جس کے بعد حکومت نے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رابطہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور امید ہے کہ یہ معاملہ اتفاق رائے سے حل ہو جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے 2014ء میں دھرنے کے دوران پارلیمان پر کیے گئے حملے کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جمہوریت کے ساتھ دینے پر ان کے کردار کو سراہا۔