نگراں وزیراعظم کے حوالے سے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکے درمیان طے شدہ ملاقات منسوخ

اب وزیر اعظم سے کوئی ملاقات نہیں ہوگی،معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا ،مت معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے، وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں ، خورشید شاہ

جمعرات 24 مئی 2018 22:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 24 مئی 2018ء) نگراں وزیراعظم کے حوالے سے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکے درمیان جمعرات کوہونے والی طے شدہ ملاقات منسوخ ہوگئی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر اب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے کوئی ملاقات نہیں ہوگی،معاملہ اب پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا جس میں پیپلز پارٹی کی طرف سے سید نوید قمر اور شیری رحمن شامل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کووزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزبِ اختلاف خورشید کی نگراں وزیراعظم کے حوالے سے ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے اور نگراں وزیراعظم کے حوالے سے فیصلہ مزید تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ جس پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے ناموں کے معاملے پر اپنی بات سے پھر گئے ہیں، اب وزیراعظم سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر ملاقات نہیں ہو گی، ہمیں کہا گیا کہ ججز کو نگراں وزیراعظم کے نام میں شامل نہیں کیا جائے گا، ہم ججز کے نام دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دئیے، اب ہوسکتا ہے پارٹی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کیلئی2نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادوں، پیپلز پارٹی کی طرف سے نوید قمر اور شیری رحمن پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے گزشتہ روز بھی شکوہ کیا تھا کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائیگا، حکومت معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے، وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہو سکتے بلکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔