چند دنوں میں نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کا اہم فیصلہ آنے والا ہے ،شیخ رشیداحمد

نواز شریف آئندہ اسمبلی میں نہیں ہونگے،سی پیک میں بہت چوری ہوئی ہے ،جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوسکتی ، عوام کے ووٹ کی طاقت سے آئندہ اسمبلی میں دوبارہ ایک موثر عوامی آواز بن کر اسمبلی میں جائوں گا ،جلسہ سے خطاب

جمعہ 25 مئی 2018 23:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 25 مئی 2018ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ آنے والے چند دنوں میں نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کا اہم فیصلہ آنے والا ہے ، جو یہ سمجھتے ہیں کہ عدالتی فیصلے پر عوامی سمندر امڈ آئے گا وہ دن میں خواب دیکھ رہے ہیں،ابھی تو شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ، شریف برادران کے خلاف نندی پور ،آشیانہ ہائوسنگ ،قائداعظم سولر کے کرپشن کیسز بھی سامنے آنے ہیں ،ایک سیٹ کا طعنہ دینے والے محمد نواز شریف دیکھ لیں اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے آئندہ اسمبلی میں دوبارہ ایک موثر عوامی آواز بن کر اسمبلی میں جائوں گا لیکن نواز شریف آئندہ اسمبلی میں نہیں ہونگے ، سی پیک میں بھی بہت چوری ہوئی ہے ،جس طرح چین میں 440شخصیات کو کرپشن پر سزائیں دیں گئی ہیں ایسے ہی پاکستان میں کرپشن پر سزائیں ہو تو معاملات ٹھیک ہوجائیں گے ،جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوسکتی ، چور اور بے ایمان قیادت کبھی بھی عوام کی خدمت نہیں کرسکتی،میں عاشق رسول ہوں اور ختم نبوت پر میری جان بھی قربان ہے ،راولپنڈی کے علماء کرام کی حمایت پر مشکور ہوں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو لال حویلی کے باہر انتخابی مہم کے آغاز پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔عوامی مسلم لیگ کے شیخ راشد شفیق ،آصف شہزاد مغل ،ایم این اے جمشید دستی ،شیخ امین اظہر اقبال ستی ،عدنان چوہدری ،ایم پی اے راجہ راشد حفیظ ،عدنان چوہدری ،سردار رضا اسلم سمیت دیگر راہنماموجود تھے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حسد ،کینہ کی سیاست کرنے والے نام نہاد اور مفاد پرستوں نے راولپنڈی کی مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال ،صدر میں گرلز کالج اور شیخ رشید ایکسپریس وے جیسے عوامی خدمت کے منصوبوں کو بند کر دیا جس پر میں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور سپریم کورٹ نے 15دنوں میں جواب طلب کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ جسطرح گذشتہ ادوار کے انتخابات میں راولپنڈی کے عوام کو مایوس نہیں کیا اسی طرح 2018کے انتخابات میں بھی عوام کو شرمندہ نہیں ہونے دوں گا، آئندہ الیکشن میں کامیاب ہوکر راولپنڈی کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار دوں گا ۔انہوں نے کہا کہ ایک سیٹ نے پارلیمنٹ میں ختم نبوت کے خلاف قانون سازی کرنے والوں کو پریشان کررکھا ہے، عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ بھی ختم نبوت کے خلاف کسی بھی ایسے اقدام پر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوجائوں گا ۔انہوں نے کہا کہ آج راولپنڈی کی سیاست صرف قبضہ ، منشیات فروشوں اور جواریوں کی پشت پناہی کرنے تک محدود ہے ،آئندہ الیکشن میں کامیاب ہو کر ان قبضہ گروپوں اور منشیات فروشوں کو بھگا دیں گے ۔