چاہے کچھ بھی ہو جائے کلبھوشن یادیو رہا ہو جائے گا

کلبھوشن کو پھانسی نہیں ہو گی اور وہ باعزت اپنے ملک بھارت واپس چلا جائے گا: بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دولت کا دعوی

جمعہ 25 مئی 2018 21:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 25 مئی 2018ء) بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دولت کا دعوی ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے کلبھوشن یادیو رہا ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دولت کی جانب سے ایک مشترکہ کتاب تحریر کی گئی ہے۔

اس کتاب میں دونوں ممالک کے خفیہ اداروں کے سابق سربراہان نے کئی تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔ جبکہ اس کتاب میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے ایک تہلکہ خیز دعویٰ بھی کیا ہے۔ اے ایس دولت کا دعوی ہے کہ بھارتی جاسو کلبھوشن یادیو کو پھانسی نہیں ہو گی اور وہ باعزت اپنے ملک بھارت واپس چلا جائے گا۔

(جاری ہے)

  بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اے ایس دولت کہتے ہیں چاہے کچھ بھی ہو جائے کلبھوشن یادیو رہا ہو جائے گا۔

 اے ایس دولت کہتے ہیں کہ ہندوستانی بحریہ کے سابق افسرکلبھوشن جس کو پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی گئی ہے اور کتاب کے ایک باب میں اس کے بارے میں تفصیل سے بھی لکھا گیا کہ کیس کو دونوں ممالک نے خود خراب کیا ۔ اگر اس پر خاموشی رکھی جاتی تو بہتر ہوتا اور اس کیس کو خیر سگالی کیلئے استعمال کر کے دونوں ممالک تعلقات بہتر بنا سکتے تھے ۔

صرف اتنا ہوتا کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر جنرل جنجوعہ کو اجیت دوول کو ایک فون کرتے اور کہتے کہ آپ کا آدمی ہمارے پاس ہے آپ زیادہ فکر نہ کریں اس کا خیال رکھا جائے گا، لیکن آئی ایس آئی اسکو سیدھا ٹیلی ویژن پر لے آئی، ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔ بھارت نے بھی ایسی غلط حرکت کارگل جنگ کے وقت کی تھی جب اس نے جنرل پرویز مشرف اور جنرل عزیز کی گفتگو کو عوام کے سامنے پیش کر دیا تھا۔

 اس حوالے سے جنرل ریٹائرڈ اسد درانی نے بھی اعتراف کیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے کلبھوشن رہا ہو جائے گا۔ اس کو پھانسی نہیں ہو گی اور وہ باعزت اپنے ملک بھارت واپس چلا جائے گا۔ تاہم اس حوالے سے امریکی سکالر پروفیسر اجے کمار شرما نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ کلبھوشن کو پاکستان کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ بھارت کو زندہ واپس نہیں کرے گی البتہ لاش واپس دی جا سکتی ہے ۔