وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی درخواست کے بعد ہی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دوں گا

اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے تین روز بعد پارلیمانی کمیٹی تشکیل پاتی ہے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

جمعہ 25 مئی 2018 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 25 مئی 2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی درخواست کے بعد ہی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دوں گا، میں آئندہ انتخاب کس حلقہ سے لڑوں گا فیصلہ پارٹی قیادت کے ہاتھ میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سپیکر چیمبر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یا اپوزیشن لیڈر نے ابھی تک نگراں وزیراعظم کے تقرر سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی درخواست کے بعد ہی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دوں گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے تین روز بعد پارلیمانی کمیٹی تشکیل پاتی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے چار چار ارکان شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی سپیکر چیمبر خالی کردوں گا۔ بطور سپیکر ضروری فائل ورک گھر بیٹھ کر بھی کر سکتا ہوں۔ سردارایاز صادق نے کہا کہ میں آئندہ انتخاب کس حلقہ سے لڑوں گا ، فیصلہ پارٹی قیادت کے ہاتھ میں ہے۔