یمن میں حوثیوں کے مدد گارپر امریکی پابندیاں قابل تحسین ہیں، شہزادہ خالد بن سلمان

جمعرات 24 مئی 2018 20:57

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 24 مئی 2018ء)سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ یمن میں حوثیوں کو مدد فراہم کرنے والوں پر امریکی پابندیاں قابل تحسین ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے لئے سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے یمنی حوثیوں کو بیلسٹک میزائل فراہمی میں مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف پابندیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان اقدامات پر واشنگٹن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں امریکا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ابتک سعودی عرب میں شہری ٹھکانوں پر یمنی علاقوں سے 140 بیلسٹک میزائل فائر کئے جا چکے ہیں جبکہ ایران اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو دفاعی نوعیت کی سرگرمی قرار دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو اپنے ٹویٹ میں مخاظب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ریاض کو نشانہ بنانے کے لئے یمن میں سرگرم ملیشیا کو میزائل کی فراہمی کیونکر ایران کے دفاع میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

شہزادہ خالد نے امریکی وزارت خزانہ کے جاری کردہ پریس ریلیز بھی ٹویٹ کے ساتھ منسلک کیا ہے جس میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ پابندیوں کا ہدف بننے والے پانچوں ایرانی شہری یمن کے حوثیوں کو بیلسٹک میزائل سے متعلق فنی معاونت فراہم کر رہے تھے۔حالیہ پابندیاں جنوری میں اقوام متحدہ کے ماہرین کے پینل کی جانب سے پیش کی جانے والی رائے پر مہر تصدیق ثبت کرتی ہیں جن میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف حوثی باغیوں کی جانب سے استعمال کیا جانے والا فوجی ساز وسامان ایرانی ساختہ تھا۔

امریکی وزارت خزانہ کے وزیر سٹیو ن منوچین کے دستخط سے جاری ہونے والے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس اور بیلسٹک میزائل پروگرام سے وابستہ پانچ ایرانی اہلکاروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ ان کے معاونت سے حوثیوں کو سعودی عرب کے شہروں اور تیل کی تنصیبات کو میزائلوں سے نشانہ بنانے میں مدد ملی۔ان کے اقدامات نے یمن میں انسانی امداد فراہمی کی کوششوں اور علاقائی سمندروں میں جہاز رانی کی نقل وحرکت کو بھی گزند پہنچایا۔