لاہور ، سپریم کورٹ پاکستان کے از خود نوٹس نے یوسف سلیم کوملکی تاریخ کا پہلانابیناجج بنا ڈالا

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نے نابینا جج کی خصوصی تربیت کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی، بینائی سے محرومی کبھی بھی یوسف سلیم کے راستے کی رکاوٹ نہیں بنی ہزاروں امیدواروں کے درمیان سول جج کا تحریری امتحان پاس کرنے والے یوسف سلیم کے خواب کو سپریم کورٹ کے از خود نوٹس نے حقیقت میں بدل ڈالا

جمعہ 25 مئی 2018 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 25 مئی 2018ء) سپریم کورٹ پاکستان کے از خود نوٹس نے یوسف سلیم کوملکی تاریخ کا پہلانابیناجج بنا ڈالا،پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نے نابینا جج کی خصوصی تربیت کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی، بینائی سے محرومی کبھی بھی یوسف سلیم کے راستے کی رکاوٹ نہیں بنی، ہزاروں امیدواروں کے درمیان سول جج کا تحریری امتحان پاس کرنے والے یوسف سلیم کے خواب کو سپریم کورٹ کے از خود نوٹس نے حقیقت میں بدل ڈالا، سپریم کورٹ کے حکم پر لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے تحریری امتحان پاس کرنے والے نابینا امیدوار یوسف سلیم، تین بار تحریری امتحان پاس کرنے والی شاہین نور سمیت کل پانچ امیدواروں کو اضافی نمبر دے کر انٹرویو میں پاس کرتے ہوئے سول جج کے طور پر تعیناتی کی منظور ی دے دی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے ازخود نوٹس اور عدالت عالیہ کی انتظامی کمیٹی کے فیصلے نے یوسف سلیم کوبینائی سے محروم ملکی تاریخ کاپہلا سول جج بنا دیا۔ یوسف سلیم نے از خود نوٹس لینے پر چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا شکریہ ادا کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ ان کی کامیابی کا پہلا مرحلہ ہے اپنی محنت اور جدوجہد سے آگے بڑھیں گے اور انصاف فراہم کریں گے،یوسف سلیم نے کہا کہ میری تعیناتی پرمیرے والدین کا خوش ہونا فطری بات ہے میں اپنی زندگی میں انہیں زیادہ سے زیادہ خوشیاں دینا چاہتا ہوں،نئے ججز اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔یوسف سلیم کی جسمانی ضروریات کے پیش نظر پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں خصوصی ٹرینرز اورتربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔