لندن ،ْ پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

چوتھے روز کھیل کے آغاز پرانگلینڈ کی ٹیم اپنے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کر پائی ،ْ محمد عامر اور محمد عباس نے حریف ٹیم کی باری کا خاتمہ کردیا پاکستانی بیٹسمین امام الحق 18 اور حارث سہیل 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ،ْ شاہینوں نے 64 رنز کا ہدف 9 وکٹوں پر صرف 13 اوورز میں حاصل کر لیا چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی انگلینڈ کے خلاف تاریخی جیت پر قوم ،ْ کپتان اور کھلاڑیوں کو مبارکباد

اتوار 27 مئی 2018 17:10

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 27 مئی 2018ء)پاکستان نے اپنے سے مضبوط حریف ٹیم انگلینڈ کو شاندار باؤلنگ اور بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت پہلے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دیدی ،ْچوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم اپنے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کر پائی اور محمد عامر اور محمد عباس نے انگلینڈ ٹیم کی باری کا خاتمہ کردیا ،ْپاکستانی بیٹسمین امام الحق 18 اور حارث سہیل 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ،ْ شاہینوں نے 64 رنز کا ہدف 9 وکٹوں پر صرف 13 اوورز میں حاصل کر لیا۔

اتوار کو انگلینڈ نے میچ کے چوتھے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 235 رنز سے کیا تاہم پاکستانی بولرز کے سامنے انگلش کھلاڑی زیادہ دیر تک نہ کھڑے رہ سکے اور پوری ٹیم 242 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اس طرح انگلینڈ کی جانب سے دئیے گئے 64 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 12 کے مجموعے پر اظہر علی 4 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

(جاری ہے)

اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کیلئے حارث سہیل وکٹ پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ حارث سہیل نے چوکا لگا کر میچ کا خاتمہ کیا ،ْحارث سہیل 32 گیندوں پر 39 اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 235 رنز اور 56 کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوز بٹلر 66 اور ڈومنیک بیس 55 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، تاہم انگلینڈ کی چاروں وکٹیں مجموعے میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکیں، جوز بٹلر 67، مارک ووڈ 4 پرمیدان بدر ہوئے، اسٹورٹ براڈ کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا، آخری بیٹسمین ڈومنیک بیس 57 پر آئوٹ ہوئے، انگلینڈ نے 242 کا مجموعہ حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلیے 64 رنز کا ہدف دیا، محمد عامر اور محمد عباس نے 4,4 جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے 363 رنز بناتے ہوئے 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بابر اعظم 68 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اسد شفیق 59، شاداب خان 52 اور اظہر علی 50 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کپتان سرفراز احمد، کوچ مکی آرتھر اور دیگر کوچز کو بھی مبارکباد پیش کی۔