شہبازشریف اورصاحبزادوں کی کرپشن سےپردہ اٹھائیں گے،عمران خان

شہبازشریف کیساتھ کام کرنیوالےافسران کےنام ای سی ایل میں ڈالے جائیں،ان افسران پرملک چھوڑنے سے روکا جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مطالبہ

اتوار 27 مئی 2018 21:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 27 مئی 2018ء): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے والے تمام افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عام انتخابات پوری تیاری کے ساتھ لڑ رہی ہے، آئندہ انتخابات جیت پی ٹی آئی ہی وفاق سمیت صوبوں میں حکومت بنائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کراچی میں بزنس کمیونٹی نے ملاقات کی۔ جس میں کراچی میں امن وامان کا قیام و استحکام اور کاروباری طبقے کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آکر پہلا کام اداروں کو ٹھیک کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم نے خیبرپختونخواہ میں پولیس کا نظام ٹھیک کردیا ہے۔

ہم چاہتے ہیں پورے پاکستان میں خیبرپختونخواہ جیسی پولیس ہو۔ پولیس میں سیاسی بھرتیوں اور تقرر و تبادلوں پرپابندی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اداروں کو ٹھیک کرنا ہے۔ کیونکہ سول سروس میں سیاسی مداخلت نے اس شعبے کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات میں بہتر امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پہلی بار مکمل تیاری کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں کی کرپشن لمیٹڈ کمپنی کی بدعنوانیوں سے پردہ اٹھانا لازم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیساتھ کام کرنے والے تمام افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، اور پنجاب حکومت جانے کے بعد انہیں ملک چھوڑنے سے روکا جائے۔ واضح رہے تحریک انصاف آئندہ انتخابات کیلئے فیورٹ جماعت قرار دی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی کی مقبولیت کو دیکھ کر دوسری جماعتوں کے رہنماء اپنی وفاداریاں تبدیل کرکے پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔