عمان میں سمندری طوفان میکونو کیٹگری 3 میں تبدیل، تباہی کے مناظر، ایمرجنسی نافذ، تین افراد جاں بحق

ہفتہ 26 مئی 2018 15:34

مسقط (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 26 مئی 2018ء)سمندری طوفان میکونو عمان سے ٹکرا گیا، طوفان کیٹگری 3 میں تبدیل ہوچکا اور 200کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

 تیز ہواوں اور طوفان سے اب تک تین افراد جاں بحق ہو چکے ، عمان کی صلالہ ایئربیس میں پانی بھر گیا جبکہ حکومتِ عمان نے ساحل پر ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

عمان کا دوسرا بڑا عالمی ہوائی اڈہ بھی 24 گھنٹے کیلئے بند کردیا گیا۔

گزشتہ روز عمان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ طوفان کیٹیگری 3میں تبدیل ہوگیا ہے،جس کے بعد 200کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،صلالہ ایئربیس میں پانی بھر گیا،سول ڈیفنس سینٹر کو بھی خالی کرالیا گیا،حکومت نے ساحل پر ہنگامی حالت نافذ کر دی،ساحلی علاقے میں ہنگامی حفاظتی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)



 جبکہ اب تک موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق طوفان کے باعث عمان میں تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب سمندری طوفان میکونو سے سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں بارش کا امکان ہے،نجران اورربع الخالی میں آندھی کیساتھ بارش ہوسکتی ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طوفان کا مرکز سعودی عرب سے دور ہورہا ہے۔