آن لائن کمپنی کا کشمیری مظاہرین کی تفصیلات بھارتی وزیراعظم کو دینے کا انکشاف

مودی کی درخواست پر ڈیٹا فراہم کیا گیا ،بھارتی ویب سائٹ کا دعویٰ/کمپنی کی تردید،ایساممکن ہی نہیں،عہدیدارپے ٹی ایم

اتوار 27 مئی 2018 12:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 27 مئی 2018ء)مقبوضہ وادی کی مظلوم عوام کے خلاف بھار ت کا ایک اور اوچھا ہتھکنڈا سامنے آگیا،آن لائن رقم ادائیگی خدمات کمپنی سے حکومت مخالف مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں کی معلومات لینے کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی تحقیقاتی ویب سائٹ نے ایک اور اسٹنگ آپریشن کے ذریعے یہ دعویٰ کیا کہ موبائل والٹ سے لے کر آن لائن ادائیگی کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی پے ٹی ایم نے مقبوضہ کشمیر میں حکومت مخالف مظاہرہ کرنے والے افراد کی تفصیلات نئی دہلی میں وزیر اعظم ہاوس کو فراہم کی ہیں ۔

یہ معلومات وزیر اعظم ہاوس کے حکم نامے کے بعد فراہم کی گئیں ۔وڈیو میں پے ٹی ایم کمپنی کے سینئر نائب صدر اجے شیکھر نے اعتراف کیا کہ دہلی میں وزیر اعظم کے دفتر سے ان کو فون کرکے کہا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں پے ٹی ایم کا استعمال کرنے والوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ تفصیلات فراہم کرنے کا مقصد یہ تھا کہ پے ٹی ایم ایپ کے کون سے کشمیری صارفین مظاہرہ کرتے ہیں ۔

دوران گفتگو اجے شیکھر نے کہا کہ ہماری اس موبائل ایپ میں مودی بھی ہیں ۔ ہم ان کی کتاب ایگزیم واریئرکو ای فارمیٹ میں فروغ دے رہیں ۔ا جے شیکھر نے کہا کہ وہ بھگوت گیتا کو بطورکوئز اس ایپلی کیشن کے ذریعے فروغ دیں گے کیونکہ ان کی ایپ کے ذریعے روزانہ پچیس سے تیس ہزار لوگ کوئز مقابلے کھیلتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میرے ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس سے قریبی رابطے ہیں ، یہ میرے خون میں شامل ہے ۔

میں آر ایس ایس میں بہت سے لوگوں کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں ۔تاہم ویب سائٹ کے الزام کے جواب میں کمپنی کا کہنا تھا کہ وڈیو میں غلط دعوے کئے گئے ہیں اور اس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ۔کمپنی کے مطابق صارفین کے ڈیٹا کو کسی کے ساتھ یہاں تک کہ حکومت یا کمپنی یا کسی ملک کے ساتھ کبھی شیئر نہیں کیا گیا ۔