نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس،نگران سیٹ اپ سمیت اہم امور زیر غور آئے

آئندہ الیکشن کیلئے متوقع امیدواروں کے ناموں کا بھی بغور جائزہ لیا گیا ،متعدد نام فائنل کر لئے آئندہ الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن جیتیں گے، سابق وزیر اعظم

اتوار 27 مئی 2018 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 27 مئی 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کا ایک اہم مشاورتی اجلاس گزشتہ روز جاتی امراء میں منعقد ہوا اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ،ایم این اے حمزہ شہباز شریف،مسلم لیگ ن لاہور کے صدر اور وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک،صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری ،سینیٹر پرویز رشید،سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز سمیت دیگر سینئر لیگی رہنمائوں نے شرکت کی اجلاس میں نگران سیٹ اپ ،پاکستان مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم سمیت ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیااس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پارٹی قائد کو پنجاب میں نگران سیٹ اپ کے قیام کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید سے ہونے والی ملاقات اور ان کی جانب سے پیش کئے گئے ناموں کے بارے میں آگاہ جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے دونوں طرف سے پیش کئے گئے ناموں پر تفصیلا مشاورت کی اجلاس میں صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے عام انتخابات کیلئے 25 جولائی کی تاریخ مقرر کرنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حتمی لسٹ پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور طے پایا کہ پارلیمانی بورڈ کی منظوری کے بعد ان امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دئیے جائیں گے ملاقات میں یہ طے پایا کہ آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن مضبوط اور بے داغ ماضی کے حامل امیدواروں کو الیکشن میں اتارے گی جبکہ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملاقات میں نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان آئندہ الیکشن کیلئے متوقع امیدواروں کے ناموں کا بھی بغور جائزہ لیا گیا اور ان میں سے کچھ ناموں کو فائنل کر لیا گیا جنہیں آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ دئیے جائیں گے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آئندہ الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن جیتنے گی اور عوام الیکشن میں مسلم لیگ ن پر بھرپور اعتماد کااظہار کرینگے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالہ دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں بھی کی ریکارڈ منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور اورنج لائن ٹرین کی آزمائشی سروس کا کریڈٹ صرف اور صرف شہباز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کر کے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی ساری کوششیں کیں ۔