اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ مثبت پیش رفت ہے،نواز شریف کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے ‘فواد چوہدری

خیبر پختونخواہ کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے منظور آفریدی کا نام میڈیا میں آیا تھا، حکومت نے اعلان نہیں کیا تھا ،نئے وزیراعلیٰ کیلئے مشاورت ہوگی تحریک انصاف حکومت میں آکرپنجاب میں ہر منصوبے کی کرپشن جانچنے کیلئے آڈٹ کروائے گی‘مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی پریس کانفرنس

پیر 28 مئی 2018 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 28 مئی 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ مثبت پیش رفت ہے، اسد درانی بڑی متنازعہ شخصیت رہے ہیں ان پر مختلف ادوار میں الزامات لگتے رہے ہیں ، اسد درانی کی طرح نواز شریف نے بھی اپنے حلف سے غداری کی ، اسد درانی کی طرح قومی معاملات میں زبان درازی کی اور جھوٹ بولا ان کے جھوٹ بولنے سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار فواد چوہدری نے ڈاکٹر مراد راس اور آصف باجوہ کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے بیانات اسد درانی کی کتاب سے بھی زیادہ خطرناک ہیں، وفاقی حکومت آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت نواز شریف کے خلاف کاروائی کرے، نواز شریف کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہاکہ جسٹس ناصر الملک کی بطور نگران وزیراعظم تقرری بڑی خوش آئند ہے، ناصر الملک 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کے معاملات سے بخوبی آگاہ ہیں ، ناصر الملک شفاف الیکشن منعقد کرانے میں کتنا اہم کردار ادا کرتے ہیں وہ وقت آنے پر پتہ چلے گا۔

فوادچوہدری نے کہاکہ 56 کمپنیوں میں سے 11 کمپنیوں کے آڈٹ میں ایک سو چھیاسٹھ ارب کی کرپشن سامنے آچکی ہے ، زعیم قادری، اویس لغاری، خواجہ احسان، خواجہ آصف ان سب کے نام کرپشن میں آئے ہیں ، اب یہ نیب اور آئندہ آنے والی حکومت پر ذمہ داری ہے کہ ان کے خلاف کاروائی کرے ، تحریک انصاف حکومت میں آکرپنجاب میں ہر منصوبے کی کرپشن جانچنے کے لیے آڈٹ کروائے گی۔

فوادچوہدری نے کہاکہ اسحاق ڈار ہی کہہ چکے ہیں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے، تجارتی خسارہ 59.4 فی صد تک جاپہنچا ہے، 22ہزار کروڑ روپیہ بیرونی قرضوں میں اضافہ ہوا ، موجودہ حکومت نے پیپلزپارٹی کی حکومت کو بھی بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے، ترسیلات زر میں پیپلزپارٹی 104 فی صد جبکہ ان کی حکومت میں 39 فی صد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی محمود الرشید اور ہائوس آف دی لیڈر شہباز شریف کی مشاورت سے نگران وزیر اعلی کا نام فائنل کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ کیلئے منظور آفریدی کا نام میڈیا میں آیا تھالیکن کے پی کے حکومت نے اعلان نہیں کیا تھا ۔چیئرمین عمران خان نے ان کے نام کو مسترد کردیا ہے اور اب نئے وزیراعلیٰ کے لئے مشاورت ہوگی۔ فواد چوہدری نے کہاکہ نگران وزیراعلیٰ کے لئے سندھ اور بلوچستان حکومت بھی امید ہے روایت قائم رکھے گی۔