ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ملک کے تمام علاقوں میں اربوں روپے سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے شرافت کی سیاست کی ہے، ہم نے کسی کی پگڑی نہیں اچھالی، ہم ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی اور خدمت کی بات کرتے ہیں، ہمارے مخالفین جو نعرے لگا رہے ہیں وہ کام مسلم لیگ (ن) نے مکمل کر لئے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں گے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا گوجرہ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ موٹروے سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 28 مئی 2018 23:00

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 28 مئی 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، ملک کے تمام علاقوں میں اربوں روپے سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے شرافت کی سیاست کی ہے، ہم نے کسی کی پگڑی نہیں اچھالی، ہم ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی اور خدمت کی بات کرتے ہیں، ہمارے مخالفین جو نعرے لگا رہے ہیں وہ کام مسلم لیگ (ن) نے مکمل کر لئے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوجرہ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ موٹروے سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملتان۔

(جاری ہے)

فیصل آباد موٹروے سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، ترقی کے راستے کھولنا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا وژن تھا، ہم ان اقدامات سے ملکی معیشت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راجن پور، رحیم یار خان، گلگت، گوادر، سوات سمیت ملک کے کسی بھی علاقہ میں جائیں تو وہاں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، بجلی کے کارخانے، موٹرویز، ہائی ویز، ایئرپورٹس اور انڈسٹریل زون کی طویل فہرست ہے، ان منصوبوں کی تکمیل کا مقصد مضبوط پاکستان اور معیشت کو دوام بخشنا تھا، یہ کام صرف جمہوریت سے ممکن تھے، اس سے پہلے ہم نے آمریت کا دور بھی دیکھا لیکن اس میں کہیں ترقی دکھائی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اقدامات کی بدولت اس علاقہ، ضلع، ڈویژن، صوبے بلکہ پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں ممکن تھا وہاں سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، سوئی ناردرن گیس نے اپنے علاقہ میں ڈیڑھ سو ارب روپے سے کام مکمل کئے ہیں یا منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے معیشت مضبوط ہوئی ہے، پاکستان میں امن قائم ہوا ہے، سی پیک شروع ہونے سے پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہوا ہے، آج ہم گیس اور بجلی نہ ہونے اور دہشت گردی کی بات نہیں کرتے بلکہ مزید ترقی کی بات کرتے ہیں، چین کی شراکت داری سے چین۔

پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں، اس منصوبہ سے پاکستان کیلئے چین اور وسطی ایشیائی ممالک تک راہیں کھلیں گی، پاکستان میں ترقی کی بنیاد ڈال دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی میں عام انتخابات میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ شرافت، خدمت، امانت اور ترقی کی سیاست چاہتے ہیں، 2013ء کا مقابلہ آج کے پاکستان سے ملک کا ہر شخص بہتر انداز میں کر سکتا ہے، ہم نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کو ترقی دی ہے اور یقیناً عوام ہمارے حق میں ہی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے سمجھا کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) نے اس علاقہ کی خدمت کی ہے تو آپ کیلئے پاکستان کی حمایت کا فیصلہ کرنا مشکل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے شرافت کی سیاست کی ہے، ہم نے کسی کی پگڑی نہیں اچھالی، کسی کو گالم گلوچ نہیں دی، ہم ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی اور خدمت کی بات کرتے ہیں، ہمارے مخالفین جو نعرے لگا رہے ہیں وہ کام مسلم لیگ (ن) نے مکمل کر لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا میں بہت عرصہ سے پرانا نظام موجود تھا، فاٹا سے فرسودہ نظام کے خاتمہ کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سر ہے، فاٹا کے عوام کو حقیقی معنوں میں آزادی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی جھوٹے وعدے نہیں کئے، ہم نے گذشتہ انتخابات میں جو وعدے کئے ان سے زیادہ کام کیا ہے، ہم جھوٹے وعدوں اور دعوئوں پر یقین نہیںرکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا، رجانہ کو ٹائون کمیٹی کا درجہ دیا جائے گا جبکہ رجانہ کے ہسپتال کو اپ گریڈ کرکے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنایا جائے گا، یہ علاقہ دو موٹرویز کے درمیان ہے اس علاقہ کو ان موٹرویز سے منسلک کرنے کیلئے چار رویہ سڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ شہباز شریف کی پنجاب میں صاف پانی سکیم کے تحت حلقہ این اے 112 کے تمام دیہاتوں میں صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں آخری فیصلہ عوام کا ہو گا، عوام کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہو گا، کسی اور کا فیصلہ قبول نہیں کریں گے، جس طرح عوام نے گذشتہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھرپور طریقہ سے کامیاب کیا اسی طرح ان انتخابات میں بھی اس پورے ضلع اور ڈویژن سے پاکستان مسلم لیگ کامیاب ہو گی۔