وزیر اعظم نے موٹر وے ایم تھری اور ایم فور کے لاہور عبدالحکیم اور گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سیکشنز کا افتتاح کر دیا

ان موٹر ویز کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ، تقریب میں وفاقی و صوبائی وزراء فیصل آباد ڈویژن کے ممبران اسمبلی، اعلیٰ انتظامی افسران ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ارکان ، مسلم لیگ (ن ) کے عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی

پیر 28 مئی 2018 23:16

رجانہ/فیصل آباد۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 28 مئی 2018ء)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پیر کی شام موٹر وے ایم تھری رجانہ انٹر چینج پر منعقدہ ایک پر وقار تقریب کے دوران موٹر ویز کے 2شیکسنز لاہور عبدالحکیم موٹر وے ،ایم تھری شیخوپورہ رجانہ سیکشن اور فیصل آباد ملتان موٹر وے ایم فور گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سیکشن کا افتتا ح کر دیا جس کے ساتھ ہی ان موٹر ویز کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں منعقد کی گئی تقریب کے دوران بعض وفاقی و صوبائی وزراء فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی، اعلیٰ انتظامی افسران ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ارکان ، مسلم لیگ (ن ) کے عہدیداران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے موقع پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا کہ لاہور عبدالحکیم موٹر وے جس کی لمبائی 230کلو میٹر ہے کو 148 ارب روپے کی لاگت سے 2سال کے انتہائی قلیل عرصہ میں مکمل کیا جا رہا ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ بین الاقوامی میعار کی حامل 6رویہ سنگل فری موٹر وے ایم تھری کا شرق پور رجانہ سیکشن 180کلو میٹر طویل ہے جس کے افتتاح سے لاکھوں افراد کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ سفر کی محفوظ سہولت میسر ہو گی ۔انہوںنے بتایا کہ لاہور عبدالحکیم موٹر وے ایم تھری کے باعث لاہور سے ملتان کا فاصلہ 5گھنٹے سے کم ہو کر صرف اڑھائی گھنٹے رہ جائے گا۔

انہوںنے بتایاکہ یہ موٹر وے مختصر مدت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے انجینئرز کی شبانہ روز جدو جہد اور ارباب اقتدار کی کاوشوں سے پایہ تکمیل کو پہنچی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ موٹر وے کے باقی 49کلو میٹر سیکشن پر بھی برق رفتاری سے کام جاری ہے جسے زیر تعمیر پلوں کی تکمیل کے بعد اگست میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔انہوںنے بتایاکہ گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سیکشن موٹر وے فیصل آباد تا ملتان ایف فور کا حصہ ہے۔

انہوںنے بتایاکہ اس موٹر وے کا 58کلو میٹر طویل فیصل آباد تا گوجرہ سیکشن اور 56کلو میٹر لمبائی ملتان تا خانیوال سیکشن پہلے ہی تکمیل کے بعد ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ ان موٹر ویز کی تکمیل سے ملتان سے فیصل آباد کے درمیان نہ صرف تیز رفتار سفری سہولت میسر آ سکے گی بلکہ یہاں ٹیکسٹائل ، ہوزری ، سپورٹس اور دیگر صنعتوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔