راو انوار کا بچنا اب مشکل ہو گیا

نقیب اللہ کے والد نے راو انوار کے خلاف نیب میں درخواست دائر کر دی

پیر 28 مئی 2018 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 28 مئی 2018ء):راو انوار کا بچنا اب مشکل ہو گیا۔ نقیب اللہ کے والد نے راو انوار کے خلاف نیب میں درخواست دائر کر دی۔تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرادی۔انہوں نے راو انوار پر الزام عائد کیا کہ راو انوار نے کالا دھن اکٹھا کر رکھا ہے ۔

انہوں نے راو انوار پر منی لانڈرنگ کے الزامات بھی لگائے اور نیب سے درخواست کی کہ وہ سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار کے اثاثہ جات کی دیکھ بھال کریں۔اس موقع انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ میرے بیٹے نقیب کے خون کا سودا نہیں ہوسکتا، راؤ انوار نے اربوں روپے کا ناجائز دھن کمایا ہے جس پر اس کے خلاف نیب میں درخواست دے دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے متعصبانہ روئیے کے خلاف کل سندھ ہائیکورٹ میں درخواست بھی جمع کروائیں گے جس میں یہ موقف اختیار کیا جائے گا کہ راو انوار کو پولیس اور حکومت کی جانب سے پروٹوکول دیا جا رہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار کے ساتھ معمول کے قیدیوں جیسا سلوک ہونا چاہیے۔آج نقیب اللہ کے والد نے نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت میں بھی حاضری دی تا ہم اس موقع پر انکا کہناتھا کہ سماعت کے آغاز پر نقیب اللہ کے والد نے درخواست کی کہ وہ ہرسماعت پر شمالی وزیر ستان سے کراچی نہیں پہنچ سکتے اس لئے اب ندیم ایڈووکیٹ اس کیس میں میری نمائندگی کریں گے۔

عدالت نے نقیب کے والد کی استدعا منظورکرلی۔عدالت نے علی رضا ایڈووکیٹ کی جانب سے پیروی سے انکارکے باعث نذیر بھنگوارکو وکیل استغاثہ مقرر کردیا۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان کی جانب سے ڈی ایس پی اختر جواد عدالت میں حاضر ہوئے اور کیس میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کی، جس پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا اورآئندہ سماعت پرتفتیشی افسرکی حاضری کو ہرصورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔