سعودی خاتون کی ٹوئیٹر پرصارفین سے ان کے والدسے مسواک خریدنے کی اپیل

سوشل میڈیا پر ان کی اپیل کے پھیل جانے کے بعد سماجی سطح پر عوام کا مثبت ردعمل،والد بھی خوش ہوگیا

اتوار 27 مئی 2018 12:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 27 مئی 2018ء)اسکالر شپ پر بیرون ملک زیر تعلیم ایک سعودی خاتون نے ٹوئیٹر پر اپنے فالورز سے اپیل کی ہے کہ وہ حرمِ مدنی کے نزدیک اس کے والد کے ٹھیلے سے مسواک خریدیں۔ خاتون نے مذکورہ ٹھیلے کے ساتھ اپنے والد کی تصویر بھی منسلک کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق تصویر پر تبصرہ کرے ہوئے مذکورہ خاتون امجاد محمد علی نے لکھا کہ میں خود ہر چیز میں اپنے والد کی مدد کرتی ہوں لیکن میرے ہاتھ میں کچھ نہیں۔

میرے والد مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے نزدیک مسواک کا ٹھیلہ لگاتے ہیں۔ جو کوئی وہاں جائے اور انہیں دیکھے تو ان سے ایک مسواک ضرور خریدے۔ امجاد کے والد اضافی آمدنی کے واسطے یہ کام کرتے ہیں۔امجاد کو توقع نہیں تھی کہ سوشل میڈیا پر ان کی اپیل کے پھیل جانے کے بعد سماجی سطح پر عوام کا اتنا مثبت ردّ مل سامنے آئے گا۔

(جاری ہے)

امجاد نے بتایا کہ لوگوں نے وسیع اور بڑے پیمانے پر ان کا مثبت جواب دیا اور وہ بھلائی سے بھرپور اس معاشرے کے برتاؤ پر حیران رہ گئیں۔

امجاد کینیڈا میں اپنے شوہر کے ساتھ اسکالر شپ پر زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹوئیٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد بہت زیادہ نہیں اس لیے انہیں توقع نہیں تھی کہ کوئی ان کی ٹوئیٹ پر کان دھرے گا یہ ان کی اپیل اتنے بڑے پیمانے پر پھیل جائے گی۔ ابو علی کی کنیت سے معروف ان کے والد لوگوں کی آمد پر بہت خوش ہیں۔ بہت سے لوگ خاص طور پر میرے والد سے مسواک خریدنے کے لیے گئے۔