تیز رفتار کار نے راہگیر عرب جوڑے کی جان لے لی

گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد جوڑے کو100 میٹر تک گھسیٹتی لے گئی

پیر 28 مئی 2018 20:12

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 28 مئی 2018ء)تیز رفتار کار بے قابو ہو کر راہگیر عرب جوڑے پر چڑھ دوڑی ۔ دونوں میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام کو محمد بن زاید شہر کے ماہوی پُل کے گول چکر کے قریب اُس وقت رُونما ہوا جب عرب جوڑا معمول کی چہل قدمی کے لیے سڑک پر جا رہا تھا۔

کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ دوڑی اور راہگیر عرب جوڑے کوروندتی ہوئی تقریباً سو میٹر تک دُور لے گئی اور بالآخر ایک گھر کی چار دیواری سے ٹکرا کر رُک گئی۔ ڈرائیور جواماراتی شہری تھا‘ اُسے معمولی چوٹیں آئیں جس کے بعد اُس نے موقعے سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکا اور ابو ظہبی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر سلیم عبداللہ بن بارک الظہیری‘ ڈائریکٹر آف ٹریفک ایند پیٹرولز ڈیپارٹمنٹ ابو ظہبی پولیس نے حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ”پولیس کی پٹرولنگ ٹیم اور ایمبولینسز فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور حادثے کا شکار بننے والے میاں بیوی کی لاشوں کو خلیفہ ہسپتال منتقل کر دِیا۔“تفتیشی افسران کے مطابق حادثہ اس وجہ سے رُونما ہوا کیونکہ ڈرائیور نے سڑک پر آمد و رفت کا دھیان رکھے بغیر ہی گاڑی کا رُخ اچانک موڑنے کی کوشش کی۔

الظہیری کے مطابق ”ڈرائیور نے گاڑی کو تیز رفتاری کی حالت میں موڑنے کی کوشش کی جو بائیں جانب کے فُٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد قابو سے باہر ہو گئی اور راہگیر عرب جوڑے پر چڑھ دوڑی۔“ الظہیری نے ہدایت کی کہ ڈرائیوز کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اگر سڑک پر زیادہ ٹریفک نہیں ہے تب بھی گاڑی کی رفتار حد سے زیادہ نہیں بڑھانی چاہیے۔

”ڈرائیور حضرات کو دُوسری گاڑی والے سے محفوظ فاصلہ رکھنا چاہیے اور اس بات کی احتیاط کرنی چاہیے کہ موڑ کاٹتے اور گاڑی کا ٹریک بدلتے وقت اس بات کو بھی یقینی بنا لیں کہ سڑک خالی ہے۔ ڈرائیور حضرات کو گاڑی چلاتے وقت اپنا پُورا دھیان ڈرائیونگ پر رکھنا چاہیے‘ اور پیدل چلنے والوں کی کراسنگ لائنز کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ اگر گاڑی کی رفتار مناسب ہو گی تو اُسے قابو رکھنے میں آسانی کا سامنا ہو گا۔