کراچی میں ہیٹ ویوکی نئی وارننگ،شہریوں کو 3 روز تک محتاط رہنے کی ہدایت

آئندہ تین روز تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور سرپر گیلا کپڑا رکھیں، محکمہ موسمیات

اتوار 27 مئی 2018 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 27 مئی 2018ء) محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں ہیٹ ویوکی نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کواگلے تین روز تک محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ گلے تین روز تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور سرپر گیلا کپڑا رکھیں۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی نے کراچی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں گزشتہ ہفتے شدید، چلچلاتی ہوئی دھوپ اور سمندری ہو ائوں کی بندش نے شہریوں کا جینا مشکل کردیاتھا تاہم گزشتہ دوروز سے سمندری ہوائیں چلنے کے باعث شہریوں کی جان میں جان آئی تھی کہ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ اتوار کی صبح 10 بجے کراچی کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔کراچی میں ایک بار پھر ہیٹ ویو کی وارننگ کے پیش نظر شہر میں اگلے تین روز تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گالہذا شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں ، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور سرپر گیلا کپڑا رکھیں۔ یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہیٹ ویو اورگرمی کی شدت سے بچا جاسکتا ہے۔